ایل او سی: بھارتی جارحیت سے ایک شخص جاں بحق،8 بچے زخمی

شائع December 17, 2016
زخمی بچی کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے — فوٹو: اے ایف پی
زخمی بچی کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے — فوٹو: اے ایف پی

مظفر آباد: بھارت کی جانب سے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کے گاؤں میں بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 8 بچے زخمی ہوگئے۔

بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی حالیہ خلاف ورزی کا واقعہ تین ہفتوں کے وقفے کے بعد ضلع کوٹلی کے نکیال سیکٹر میں پیش آیا۔

بھارت کی جانب سے 23 نومبر کو چھوٹے ہتھیاروں اور مارٹر سے بس کو نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

نکیال کے اسسٹنٹ کمشنر سردار ذیشان نثار کے مطابق ’بھارتی فوج نے صبح سویرے علاقے میں بلااشتعال شیلنگ کا آغاز کیا جو وقفے وقفے سے دوپہر تک جاری رہی۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ،4 افراد جاں بحق

انہوں نے کہا کہ ’پاک فوج نے شیلنگ کا جیسے ہی جواب دیا، بھارتی فوج نے ہمیشہ کی طرح شہری آبادی پر گولہ باری کی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’موہڑا گاؤں میں ایک مارٹر گولہ اسکول بس کے قریب آکر گرا، جس کے نتیجے میں 25 سالہ بس ڈرائیور محمد اسد موقع پر ہی ہلاک 5 سے 15 سال کے درمیان کے 8 بچے زخمی ہوگئے۔‘

زخمیوں میں سے سات کو نکیال تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’بھارتی فورسز نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نکیال میں اسکول وین کو نشانہ بنایا۔‘

مزید پڑھیں: ورکنگ باؤنڈری پر ہندوستانی فائرنگ، 2 شہری جاں بحق

بیان کے مطابق ’پاک فوج کے اس اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔‘

آزاد جموں و کشمیر کے حکام کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 40 شہری جاں بحق اور 136 زخمی ہوچکے ہیں۔

عسکری ذرائع کے مطابق اس عرصے میں بھارت کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے 12 فوجی جوان بھی جاں بحق ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: 'بھارت نے 2016 میں 90 سے زائد سیزفائر خلاف ورزیاں کی'

اپنے بیان میں آزا کشمیر کے وزیر اعظم راجا فاروق حیدر نے نکیال سیکٹر واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’بھارتی فوج خطے میں کشیدگی بڑھانے پر تُلی ہوئی ہے۔‘

انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ قبل اس کے کہ دیر ہوجائے، وہ کشمیر میں بھارتی فوج کے جنگی جرائم کو روکے۔


یہ خبر 17 دسمبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2025
کارٹون : 24 دسمبر 2025