• KHI: Partly Cloudy 20.2°C
  • LHR: Fog 9.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 20.2°C
  • LHR: Fog 9.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.1°C

ایم ایس دھونی انڈین ٹیم کی قیادت سے مستعفی

شائع January 4, 2017
دھونی کی قیادت میں انڈیا نے 2007 میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور 2011 میں ورلڈ کپ جیتا—فائل/فوٹو: اے ایف پی
دھونی کی قیادت میں انڈیا نے 2007 میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور 2011 میں ورلڈ کپ جیتا—فائل/فوٹو: اے ایف پی

مہندرا سنگھ دھونی نے ہندوستان کی ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا تاہم وہ بطور کھلاڑی ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 'دھونی نے بورڈ سے ٹیم کی قیادت سے الگ ہونے کی خواہش ظاہر کی'۔

مہندرا سنگھ دھونی استعفیٰ کے بعد انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ٹیم کے کپتان نہیں ہوں گے تاہم وہ ٹیم کے انتخاب کے لیے دستیاب ہوں گے۔

بی سی سی آئی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر راہول جوہری کا کہنا ہے کہ 'بی سی سی آئی اور انڈین کرکٹ کے مداحوں کی جانب سے میں دھونی کا کپتان کے طور پرغیرمعمولی خدمات پر شکریہ ادا کرنا چاہوں گا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'دھونی کی قیادت میں انڈین ٹیم نے ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوا ان کی کامیابیوں کو انڈین کرکٹ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا'۔

مہندرا سنگھ دھونی کو ہندوستان کے کامیاب ترین کپتانوں میں سے ایک مانا جاتا ہے، ان کی قیادت میں انڈین ٹیم نے 2007 میں پہلا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتا جبکہ 2011 میں ہندوستان میں منعقدہ ورلڈ کپ اور چمپیئنز ٹرافی 2013 میں چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر انوراگ ٹھاکر برطرف

ہندوستانی ٹیم نے دھونی کی قیادت میں 199 ایک روزہ اور 62 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جبکہ 2011 کے ورلڈ کپ میں چمپیئن بننے کے علاوہ 2015 کے ورلڈکپ کے سیمی فائنل تک رسائی کی۔

ان کی قیادت میں کھیلے گئے 191 میچوں میں ہندوستان کو 104 میں کامیابی اور 72 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 62 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سے 36 میں فتح اور 24 میں شکست ہوئی۔

دھونی نے 30 دسمبر 2014 کو ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ویرات کوہلی کو ٹیسٹ کا نیا کپتان مقرر کیا گیا۔

ان کی قیادت میں ٹیم نے 60 ٹیسٹ میچز کھیلے جس میں 27 میں فتح اور 18 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 15 میچ برابر ہوئے۔

ہندوستان نے دھونی کی قیادت میں 2013 میں 40 سال بعد پہلی مرتبہ آسٹریلیا کو وائٹ واش کرنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025