آزادکشمیر: بے قابو ٹرک اسکول میں جا گھسا، 3 افراد جاں بحق
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے ایک گاؤں میں ایک ٹرک بے قابو ہوکر لڑکیوں کے اسکول میں جاگھسا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون ٹیچر اور 2 طالبات جاں بحق ہوگئیں۔

پولیس کے مطابق واقعے میں ایک اور ٹیچر اور 2 طالبات زخمی بھی ہوئیں۔
باغ کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) فیض الرحمٰن نے ڈان کو بذریعہ ٹیلیفون بتایا، 'واقعہ باغ شہر سے 18 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع گاؤں بیر پانی میں صبح ساڑھے 9 بجے کے قریب 'ڈرائیور کی غفلت' کے نتیجے میں پیش آیا'۔
ان کا کہنا تھا کہ بیر پانی بازار سے گندم کی بوریوں سے لدا ایک ٹرک جارہا تھا کہ موڑ کاٹتے ہوئے ٹرک ڈرائیور سے بے قابو ہوگیا اور سڑک کے ساتھ واقع ایک اسکول میں جاگھسا۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر: بس کھائی میں گرنے سے دس افراد ہلاک
ایس ایچ او کے مطابق پرائمری سیکشن کی طالبات باہر لان میں دھوپ میں کلاسیں لے رہی تھیں جبکہ اسکول کی کوئی باؤنڈری وال بھی نہیں تھی۔
انھوں نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں اسکول ٹیچر 40 سالہ کرم جان، 2 سگی بہنیں 12 سالہ اقراء اور 10 سالہ سدرہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔
جبکہ ایک اور ٹیچر 40 سالہ رخسانہ بشیر اور طالبات 8 سالہ اقراء اور 11 سالہ ماریہ زخمی ہوئیں، جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر: وین نالے میں گرنے سے 7 افراد ہلاک
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد 2 ہزار کے قریب لوگ جائے وقوع پر جمع ہوگئے اور صورتحال کشیدہ ہوگئی۔
انھوں نے بتایا کہ بیر پانی کا رہائشی ڈرائیور امجد موقع سے فرار ہوگیا تھا تاہم 2 گھنٹے بعد ہی اسے حراست میں لے لیا گیا۔
آزاد جموں و کشمیر کے گاؤں میں بیشتر اسکولوں کی یا تو باؤنڈری وال نہیں ہے یا پھر ان کی سیکیورٹی کی صورتحال اتنی بہتر نہیں ہے۔












لائیو ٹی وی