'ٹیم کو فیلڈنگ میں ڈرامائی ترقی کی ضرورت ہے'
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے دورے میں ٹیم کے پاس ڈیوڈ وارنر کی کارکردگی کا جواب نہیں تھا لیکن فیلڈنگ میں ڈرامائی انداز میں ترقی کی ضرورت ہے۔
آسٹریلیا ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق مکی آرتھر نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے آخری ایک روزہ میچ کے بعد کہا کہ 'یقین کریں یا نہ کریں لیکن ہم فیلڈنگ پر بہت زیادہ کام کرچکے ہیں'۔
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ 'میں اور میرا اسٹاف قریب سات ماہ سے فٹنس کی سطح پر توجہ مرکوز کیا ہوا ہے اور ہماری روزانہ کی رپورٹس کے مطابق فٹنس میں ڈرامائی انداز میں بہتری ہوئی ہے لیکن ہم دیگر ٹیموں سے بہت پیچھے ہیں'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ویسٹ انڈیز جانے سے قبل ایک مرتبہ پھر فٹنس اور فیلڈنگ ہمارا ہدف ہوگا'۔
ویسٹ انڈیز کے دورے کی تیاریوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'ہمیں کیمپ کے لیے پی ایس ایل کے بعد وقت ملے گا اور ہم اس حوالے سے سخت کام کریں گے کیونکہ ہم اس میدان میں ہدف حاصل نہیں کرپائے ہیں'۔
مزید پڑھیں: بابر کی بیٹنگ کے ساتھ ساتھ باؤلنگ کی تیاریاں
پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا میں ٹیسٹ اور ایک روزہ سیریز میں بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جہاں فیلڈنگ کا معیار انتہائی ناقص رہا تھا۔
آرتھر نے ٹیم کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 'باؤلنگ اور بیٹنگ میں ہم بالکل ٹھیک تھے اور نتائج کے اعتبار سے یہ دورہ ہمارے لیے مایوس کن تھا کیونکہ جب ہم یہاں آئے تھے تو ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کا موقع تھا'۔
انھوں نے کہا کہ 'ہم اب بھی ایک روزہ کرکٹ میں ناتجربہ کار ٹیم ہیں اور میرے خیال میں آپ نمبر ایک ٹیم آسٹریلیا اور نمبر آٹھ ٹیم کے درمیان فرق کو دیکھ سکتے ہیں'۔
یہ بھی پڑھیں: آرتھر ٹیسٹ و ون ڈے ٹیم کی قیادت میں فوری تبدیلی کے مخالف
آسٹریلیا کے خلاف ناکامی پر ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے لیے ڈیوڈ وارنر بھی درد سر بنے تھے جنھوں نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔
مکی آرتھر نے دورے کا نتیجہ نکالتے ہوئے کہا کہ 'ڈیوڈ وارنر اور ہماری فیلڈنگ ممکنہ طورپر دونوں ٹیموں کے درمیان فرق تھا'۔











لائیو ٹی وی
تبصرے (1) بند ہیں