پشتو غزل گائیکی کی مَدُھر آواز خاموش ہوگئی

پشاور: پشتو کی معروف غزل گائیک باچہ زرین جان طویل علالت کے بعد بدھ کے روز انتقال کرگئیں۔ ان کی عمر ساٹھ سال تھی۔
زندگی کے آخری ایام کسمپرسی میں بسر کرنے معروف گلوکارہ سن انیس سو بیالیس میں مردان کے علاقے پار ہوتی میں پیدا ہوئیں۔ زرین جان نے ریڈیو، ٹی وی اور اسٹیج پر اپنی خوبصورت آواز میں پشتو غزلیں گاکر شہرت حاصل کی اور موسیقی کی دنیا میں اپنا مقام بنایا۔حکومتِ پاکستان نے موسیقی کے میدان میں ان کی شان دار خدمات کے عوض چند سال قبل انہیں تمغہ امتیاز سے نوازا تھا۔
پشتو غزل گائیکی میں ماہر زرین جان کو موسیقی کی دنیا میں احترام کی نظر سے دیکھا جاتا تھا۔ ان کی گائی بعض غزلیں بہت مشہور ہوئیں۔ جیسے 'گلاد اخپلو کیگی نکڑی سوک د پردو نہ گلا' یعنی 'شکایت اپنوں سے کی جاتی ہے غیروں سے نہیں'
سنہ انیس سو ستر کے شروع میں ان کی میٹھی آواز کا جادو اُس وقت کے صوبہ سرحد اور قبائلی علاقوں میں سر چڑھ کر بول رہا تھا۔ موسیقی کے شائقین کو ان کا سادہ اندازِ گائیکی پسند تھا۔ وہ پچاس سال تک فنِ گائیکی سے منسلک رہیں۔
زرین جان نے سات سال کی عمر میں ریڈیو پر گانے سے، نصف صدی پر محیط اپنے فنی سفر کا آغاز کیا۔ پرستاروں میں بی بی گل کے نام سے مشہور زرین جان نے پشتو، ہندکو، پنجابی، سرائیکی، اردو اور فارسی میں بھی غزلیں اور عارفانہ کلام گائے۔
ان کی تربیت میں جہاں ان کی بڑی بہن کا ہاتھ تھا، وہیں گائیکی کے شعبے سے منسلک سرکردہ موسیقاروں اور گلوکاروں نے بھی، اُن کی گائیکی کی پختگی اور تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔
[youtube http://www.youtube.com/watch?v=f14e1miLH1g&w=670&h=480]
زرین جان نے دہلی میں واقع آل انڈیا ریڈیو پر بھی غزلیں اور گیت ریکارڈ کرائے تھے۔سن انیس سو پینسٹھ کی ہندوستان ۔ پاکستان جنگ میں انہوں نے ریڈیو پاکستان پر کئی ملّی نغمے ریکارڈ کرائے، جنہیں بہت پسند کیا گیا تھا۔
زرین جان کی شخصیت اور فن کا پشتو موسیقی کی کلاسیکی صنف کی ترقی میں اہم کردار بیان کی جاتا ہے۔
ان کی زندگی کے آخری ایام معاشی تنگ دستی کا شکار تھے۔
[youtube http://www.youtube.com/watch?v=aD6Cxl4ArcM&w=670&h=480]
زرین جان کو قدامت پسند پشتون معاشرے میں خواتین کے اس شعبے میں آنے کا بانی سمجھا جاتا ہے۔مقامی فن کار برادری نے زرین جان باچہ کی موت پر سوگ کا اعلان کیا ہے۔
آرٹسٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن، پشاور کے صدر جاوید بابر کا کہنا ہے زرین جان نہایت ہی باہمت خاتون تھیں جنہوں نے پشتو میوزک کو فروغ دیا اور انہیں ان کی خدمات کے لیئے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔










لائیو ٹی وی
تبصرے (1) بند ہیں