قومی انسداد دہشت گردی پالیسی 13 اگست تک تیار کرنیکا حکم

شائع August 8, 2013

فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر اعظم محمد نواز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو انسداد دہشت گردی حکمت عملی کا حتمی مسودہ 13 اگست تک پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

وزیر اعظم محمد نواز شریف سے جمعرات کو وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملاقات کی جس میں کوئٹہ میں ہونے والے حملہ سمیت ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کے عوام کے دشمنوں سے جنگ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ انسداد دہشت گردی حکمت عملی کا حتمی مسودہ 13 اگست تک پیش کیا جائے جو اس موضوع پر قبل ازیں ہونے والی مشاورت اور آراء کی روشنی میں مرتب ہوا۔

وزیراعظم نے کوئٹہ میں تخریب کاری کے ہولناک واقعات اور معصوم شہریوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جرات اور عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیر داخلہ سے کہا کہ شہداء اور زخمیوں کے خاندانوں کی ہر طرح کی مدد کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے ڈی آئی جی فیاض سنبل اور فرائض کی بجا آوری کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے افسران اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دھماکا کرنے والوں کو کسی بھی قیمت پر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025