برازیل: گرم ہوا کے غبارہ کو حادثہ، 8 افراد ہلاک، 13 زخمی
برازیل کی ریاست سانتا کاتارینا کے جنوبی علاقے میں گرم ہوا کے غبارے میں فضا میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 8 افرد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ریاست سانتا کاتارینا نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر لکھا کہ حادثے کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے تاہم 13 زندہ بچ گئے۔
برازیلی ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والی عینی شاہدین کی ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ کس طرح غبارے میں ساحلی شہر پرائیا گراندے کے اوپر ہوا میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں غبارے کے ساتھ موجود ’ٹوکری‘ جس میں مسافر سوار تھے، کئی میٹر نیچے زمین پر آگری۔
سانتا کاتارینا کے فائر فائٹرز کی ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہمارے پاس ابھی تک زندہ بچ جانے والوں کی حالت کے بارے میں معلومات نہیں ہیں۔
بحر اوقیانوس کے ساحل پر واقع پرائیا گراندے برازیل میں گرم ہوا کے غباروں کی سیر کے لیے ایک مقبول مقام ہے۔
فائر فائٹرز کے مطابق زندہ بچ جانے والے افراد کو مقامی ہسسپتالوں میں علاج کے لیے لے جایا گیا ہے جب کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
برازیل کے صدر لوئز اناسیو لولا دا سلوا نے ایک بیان میں متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
پولیس افسر تییاگو لوئز لیموس نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ غبارے کے پائلٹ نے حکام کو بتایا کہ آگ ٹوکری میں موجود بلو ٹارچ سے لگی جس کے بعد پائلٹ نے غبارے کو نیچے لانے کی کوشش کی اور زمین سے کچھ دوری پر مسافروں کو چھلانگ لگانے کی ہدایت کی کیوں کہ آگ مزید پھیل رہی تھی۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ میں نے 2 افراد کو گرتے دیکھا، وہ آگ کی لپیٹ میں تھے، ٹوکری الگ ہو گئی اور غبارہ نیچے گر گیا تھا۔











لائیو ٹی وی