• KHI: Partly Cloudy 21.3°C
  • LHR: Fog 12.2°C
  • ISB: Cloudy 13.6°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.3°C
  • LHR: Fog 12.2°C
  • ISB: Cloudy 13.6°C

’کیا موٹرز‘ کا گاڑیوں کی قیمتوں میں 7 لاکھ روپے تک اضافے کا اعلان

شائع July 2, 2025
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

لکی موٹر کارپوریشن (ایل ایم سی) نے وفاقی بجٹ میں متعارف کروائے گئے نئے ٹیکسز کے بعد اپنی ’کیا‘ برانڈ کی گاڑیوں کی قیمتوں میں 7 لاکھ روپے تک اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے، جو یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی بجٹ 26-2025 میں نئی انرجی وہیکل (این ای اوی) لیوی کے نفاذ کے بعد پاکستان میں گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے عائد کی گئی نئی انرجی وہیکل لیوی یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل ہو گئی ہے۔

این ای وی لیوی کا اطلاق تمام اقسام کی گاڑیوں پر ہوتا ہے جن میں موٹرسائیکل سے لے کر بڑی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم ہمیشہ بہترین سروسز فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارا فوکس ہمیشہ بہترین معیار کی مصنوعات کو مسابقتی قیمتوں پر فراہم کرنے پر رہا ہے‘۔

تاہم حالیہ تبدیلیوں نے قیمتوں پر نمایاں اثر ڈالا ہے جن میں وفاقی بجٹ میں این ای وی لیوی کا نفاذ، پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل کمی اور بین الاقوامی فریٹ اخراجات کا بڑھنا شامل ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ کمپنی نے بڑھتے اخراجات کو کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی تاہم موجودہ حالات کے باعث یکم جولائی سے قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ ناگزیر ہوگیا تھا۔

لکی موٹر کارپوریشن نے اپنی متعدد گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے جو یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔

’کیا موٹرز پاکستان‘ کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر تازہ ترین فہرست اپ لوڈ کی گئی ہے جس میں گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کے بعد نئی قیمت درج ہیں۔

نوٹی فکیشن کے مطابق پکانٹو اے ٹی کی قیمت میں ایک لاکھ 50 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد اس کی قیمت 39 لاکھ 40 ہزار سے بڑھ کر 40 لاکھ 90 ہزار روپے ہوگئی ہے۔

کیا اسٹونک ای ایکس پلس کی قیمت میں نمایاں 4 لاکھ 99 ہزار روپے اضافے کے بعد 55 لاکھ سے بڑھ کر 59 لاکھ 99 ہزار روپے کی ہوگئی۔

اسی طرح، اسٹونک ایکس کی قیمت 95 ہزار روپے بڑھائی گئی ہے، جو اب 47 لاکھ 67 ہزار سے بڑھ کر 48 لاکھ 62 ہزار روپے میں دستیاب ہوگی۔

اسپورٹیج ایل الفا 4 لاکھ روپے کے اضافے کے بعد 84 لاکھ 99 ہزار سے 88 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی۔

اسپورٹیج ایل ایف ڈبلیو ڈی کی قیمت میں 5 لاکھ کا اضافہ ہوا جو 99 لاکھ 99 ہزار سے بڑھ کر ایک کروڑ 4 لاکھ 99 ہزار روپے کی ہوگئی۔

اسپورٹیج ایل ایچ ای وی کی قیمت 6 لاکھ روپے اضافے کے بعد ایک کروڑ 9 لاکھ 99 ہزار سے بڑھ کر ایک کروڑ 15 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے

علاوہ ازیں، دیگر ماڈلز کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

کیا سورینٹو وی سکس 3.5 ایل کی قیمت 4 لاکھ روپے اضافے کے بعد ایک کروڑ 34 لاکھ 99 ہزار سے بڑھ کر ایک کروڑ 38 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی۔

سورینٹو ای ایم آئی وی سکس3.5 ایل کی قیمت میں بھی 4 لاکھ کا ہی اضافہ ہوا جو ایک کروڑ 39 لاکھ 99 ہزار سے بڑھ کر ایک کروڑ 43 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی ہے۔

سورینٹو ایف ڈبلیو ڈی ایچ ای وی کی قیمت 6 لاکھ روپے اضافے کے بعد ایک کروڑ 46 لاکھ 99 ہزار سے بڑھ کر ایک کروڑ 52 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی ہے۔

سورینٹو ای ایم آئی ایف ڈبلیو ڈی ایچ ای وی کی قیمت میں 6 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا جو ایک کروڑ 51 لاکھ 99 ہزار سے بڑھ کر ایک کروڑ 57 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی ہے۔

سورینٹو اے ڈبلیو ڈی ایچ ای وی اور سورینٹو ای ایم آئی اے ڈبلیو ڈی ایچ ای وی کی قیمتوں میں 7 لاکھ روپے کا اضافہ ہوگا جو بالترتیب ایک کروڑ 59 لاکھ 99 ہزار روپے سے ایک کروڑ 66 لاکھ 99 ہزار روپے اور ایک کروڑ 64 لاکھ 99 ہزار سے بڑھ کر ایک کروڑ 71 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی ہے۔

کارنیول کی قیمت بھی 7 لاکھ روپے کے اضافے سے ایک کروڑ 75 لاکھ روپے سے بڑھ کر ایک کروڑ 82 لاکھ روپے ہوجائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025