• KHI: Partly Cloudy 24.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 18°C
  • ISB: Rain 13.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 24.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 18°C
  • ISB: Rain 13.1°C

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے جولائی میں ریکارڈ 4 ہزار 65 کمپنیوں کی رجسٹریشن کرلی

شائع August 6, 2025
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے جولائی 2025 میں 4 ہزار 65 کمپنیوں کی ریکارڈ رجسٹریشن کے ساتھ ایک تاریخی سنگِ میل حاصل کیا، یہ اب تک کی سب سے زیادہ ماہانہ کمپنیوں کی رجسٹریشن ہے۔

ایس ای سی پی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مئی 2025 میں قائم کردہ 3 ہزار 609 کمپنیوں کے پچھلے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا، رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں سے 99.9 فیصد کی رجسٹریشن ڈیجیٹل طریقے سے مکمل کی گئی، جس کے بعد پاکستان میں کل رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 2 لاکھ 62 ہزار 309 ہو گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق نئی رجسٹریشن ہونے والی کمپنیوں میں سے 57 فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں ہیں، جبکہ 39 فیصد سنگل ممبر کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، اس کے علاوہ 4 فیصد میں پبلک ان لسٹڈ کمپنیاں، غیر منافع بخش تنظیمیں(این جی اوز)، گارنٹی کے تحت محدود کمپنیاں، اور لیمیٹڈ لائیبلٹی پارٹنرشپس(ایل ایل پیز) شامل ہیں۔

مزید بتایا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ای کامرس کے شعبے 862 نئی رجسٹریشنز کے ساتھ سرفہرست رہے، جبکہ ٹریڈنگ میں 530، سروسز میں 468 اور رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ و تعمیرات میں 398، سیاحت و ٹرانسپورٹ میں 295، خوراک و مشروبات میں 203، تعلیم میں 148، مارکیٹنگ و اشتہارات میں98، مائننگ و کوارئنگ میں 95، ٹیکسٹائل میں 91، دواسازی میں 86، زرعی کاشتکاری میں 74، انجینئرنگ میں 64، کاسمیٹکس و ٹوائلٹریز میں 59 اور کیمیکل و ہیلتھ کیئر میں 56 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی، اس کے علاوہ 482 کمپنیاں دیگر مختلف شعبوں میں رجسٹر ہوئیں۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ ایس ای سی پی کاروباری مواقع کے فروغ، سرمایہ کاری کے حصول اور پائیدار معاشی ترقی کی حمایت کے لیے اپنے ڈیجیٹل نظام کو مضبوط بنانے اور ریگولیٹری عمل کو آسان بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025