• KHI: Partly Cloudy 26.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.2°C
  • ISB: Rain 15.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 26.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.2°C
  • ISB: Rain 15.1°C

ساؤتھ پورٹ حملے کے بعد ایکس کی پالیسیوں نے مسلمان اور تارکین وطن مخالف بیانیے کو ہوا دی، رپورٹ

شائع August 6, 2025
— فوٹو: ایکس
— فوٹو: ایکس

برطانیہ کے علاقے ساؤتھ پورٹ میں گزشتہ سال ہونے والے مہلک حملے کے بعد، سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے ڈیزائن اور پالیسیوں نے مسلمانوں اور تارکینِ وطن کے خلاف اشتعال انگیز اور نسل پرستانہ بیانیوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا۔

ترک خبر رساں ادارے انادولو کی رپورٹ کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اس حوالے سے اپنی تجزیاتی رپورٹ شائع کی ہے، جس کی تحقیقات میں یہ انکشاف کیا گیا ہے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس نے برطانیہ میں مسلم اور تارکینِ وطن برادریوں کے خلاف ہونے والے فسادات میں جھوٹے بیانیے اور نقصان دہ مواد کے پھیلاؤ میں مرکزی کردار ادا کیا۔

رپورٹ میں ایکس کے اوپن سورس کوڈ اور عوامی طور پر دستیاب سافٹ ویئر کا تکنیکی تجزیہ کرتے ہوئے انکشاف کیا گیا کہ اس کا ری کمنڈیشن سسٹم (جسے کنٹینٹ رینکنگ الگورتھم بھی کہا جاتا ہے) بغیر کسی روک تھام اور نقصان سے بچاؤ کے خاطر خواہ حفاظتی اقدامات کے ایسے مواد کو ترجیح دیتا ہے جو اشتعال پیدا کرے، سخت ردِعمل، بحث و تکرار اور زیادہ انگیجمنٹ کا سبب بنے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے بگ ٹیک اکاونٹبیلیٹی شعبے کے سربراہ پیٹ ڈی برُن نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ہمارا تجزیہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ایکس کے الگورتھم اور پالیسی فیصلوں نے گزشتہ برس برطانیہ بھر میں مسلم اور تارکین وطن مخالف تشدد کی لہر کے دوران خطرات میں اضافہ کیا، جو آج بھی انسانی حقوق کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔

29 جولائی 2024 کو ساؤتھ پورٹ میں ایکسل روداکوبانا کی جانب سے ہونے والے چاقو حملے کے بعد، برطانیہ میں دائیں بازو کے انتہاپسندوں کے فسادات پھوٹ پڑے تھے، جھوٹی آن لائن اطلاعات کے مطابق دعویٰ کیا گیا تھا کہ حملہ آور کارڈف ویلز میں پیدا ہونے والا برطانوی شہری اور مسلمان پناہ گزین ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ان جھوٹے دعووں کے نتیجے میں، ملک بھر میں کئی مساجد، اسلامی عمارات اور مہاجرین کو رہائش فراہم کرنے والے ہوٹلوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

الگورتھم نقصان دہ مواد کی نشاندہی نہیں کر سکتا، جب تک صارفین اس کی رپورٹ نہ کریں

تحقیق کے مطابق، جب تک کوئی پوسٹ زیادہ انگیجمنٹ حاصل کر رہی ہو، ایکس کا الگورتھم یہ اندازہ لگانے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتا کہ وہ پوسٹ کس قدر نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے، کم از کم اُس وقت تک جب تک کئی صارفین خود اس کی رپورٹ نہ کریں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ان ڈیزائن کی حامل خصوصیات، ساؤتھ پورٹ حملے کے بعد نسل پرستانہ، اشتعال انگیز بیانیے کے لیے زرخیز زمین ثابت ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق، ایکس اکاؤنٹ ’یورپ انویژن‘ جو تارکین وطن اور اسلام مخالف مواد شائع کرنے کے لیے اپنے پہچان رکھتا ہے، اس نے حملے کی خبر سامنے آنے کے فوراً بعد یہ دعویٰ کیا تھا کہ حملہ آور مسلمان تارکین وطن ہے۔

یہ پوسٹ 40 لاکھ سے زائد بار دیکھی گئی اور رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں کے اندر ایکس پر وہ تمام پوسٹس جن میں یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ حملہ آور مسلمان تھا، ایک پناہ گزین تھا، ایک غیر ملکی شہری تھا، یا کشتی کے ذریعے آیا تھا، اندازے کے مطابق ایسی پوسٹوں نے تقریبا 2 کروڑ 70 لاکھ سے زائد امپریشن حاصل کیے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ ساؤتھ پورٹ کا سانحہ ایکس میں اہم پالیسی اور عملے کی تبدیلیوں کے دوران پیش آیا، ایلون مسک کے اکتوبر 2022 میں ایکس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد مواد کی نگرانی کرنے والا عملہ فارغ کر دیا گیا تھا، پہلے سے معطل شدہ اکاؤنٹس بحال کیے گئے، ٹوئٹ کی ٹرسٹ اینڈ سیفٹی ایڈوائزی کاونسل ختم اور اعتماد و حفاظت پر کام کرنے والے انجینئرز کو بھی نوکریوں سے نکال دیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ نفرت انگیز یا ہراسانی کے سبب معطل کیے گئے کئی اکاؤنٹس، جن میں دائیں بازو کے انتہاپسند اسٹیفن یاکسلے-لینن (جسے ٹومی رابنسن کے نام سے بھی جانا جاتا ہے) کے اکاؤنٹ کو بھی دوبارہ فعال کر دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025