• KHI: Partly Cloudy 19°C
  • LHR: Cloudy 12.7°C
  • ISB: Cloudy 11.4°C
  • KHI: Partly Cloudy 19°C
  • LHR: Cloudy 12.7°C
  • ISB: Cloudy 11.4°C

افغانستان میں پاکستانی اخبارات پر پابندی

شائع September 23, 2012

۔— فائل فوٹو

کابل: افغانستان نے پاکستان کے تمام اخبارات پر طالبان کے حامی ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان پر پابندی عائد کر دی ہے۔

حکومت کے ترجمان احسان اللہ طاہری نے ہفتے کو ایک خبر رساں ادارے کو بتایا کہ افغان حکومت نے تمام پاکستانی اخبارات پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

افغانستان میں یہ اخبارات پاکستان سے ملحقہ افغان صوبوں ننگر ہار، کنڑ اور نورستان کے راستے آتے ہیں تاہم اب ان راستوں کو اخبارات کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

طاہری کا کہنا تھا کہ پاکستانی اخبارات نے گزشتہ چند ماہ سے افغان حکومت  کے خلاف مہم شروع کر رکھی تھی۔

'یہ اخبارات طالبان کا پروپیگنڈہ چھاپنے کے ساتھ ساتھ افغانستان میں غیر ملکی فوجوں کی موجودگی پربھی سوال اٹھا رہے تھے'۔

وزارت داخلہ کے ایک بیان کے مطابق ان اخبارات میں شائع ہونے والے مضامین کے ذریعے افغان فورسز کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔

سرکاری حکام کے مطابق، افغانستان کی سرحدی پولیس نے ننگر ہار میں تمام دکانوں اور اسٹالز سے پاکستانی اخبارات کو ضبط کرنے کا سلسلہ پہلے سے ہی شروع کر دیا ہے۔

گزشتہ چند ماہ کے دوران سرحد پار بڑھتے ہوئے حملوں کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے۔

اسلام آباد کا کہنا ہے کہ پاکسستانی طالبان افغانستان میں موجود محفوظ پناہ گاہوں سے حملے کرتے ہیں جبکہ کابل پاکستان سے ہونے والی گولہ باری اور راکٹ حملوں پر شاقی ہے۔

افغانستان کے وزیر خارجہ زلمے رسول نے جمعرات کو پاکستان سے ہونے والے راکٹ حملوں اور گولہ باری کو گہری تشویش کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان حملوں پر افغانیوں میں' غیر مثالی غصہ اور تذبذب پایا جاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2025
کارٹون : 24 دسمبر 2025