فرٹیلائزر پلانٹس کیلیے گیس کی فراہمی منظور
اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی ذیلی کمیٹی نے موسم سرما میں فرٹیلائزر پلانٹس کو گیس فراہم کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
ہفتے کو مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چارفرٹیلائزر پلانٹس کو موسم سرما میں پچہتر ملین کیوبک فٹ گیس فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزارت پٹرولیم نے ای سی سی کو آگاہ کردیا ہے کہ آئندہ سال فرٹیلائزر درآمد نہیں کی جائے۔
انکے مطابق بیس لاکھ ٹن کھاد ملکی فرٹیلائزر پلانٹس پیدا کریں گے، کھاد درآمد نہ کرنے سے ایک سو بیس ارب روپے کی بچت ہوگی۔
وزارت پٹرولیم کے حکام کے مطابق گزشتہ چار سالوں کے دوران موسم سرما میں کھاد کارخانوں کو گیس نہیں ملتی تھی جس کے باعث حکومت کو عالمی مارکیٹ سے مہنگی کھاد درآمد کرکے کسانوں کو ملکی نرخوں پر کھاد فراہم کرنے کیلئے ایک سو بیس ارب روپے سبسڈی ادا کرنا پڑتی تھی۔
وزارت پانی وبجلی نے گیس فراہمی پر اپنے اعتراضات واپس لے لئے ہیں۔ موسم سرما میں گیس اینگرو،ایگری ٹیک، پاک عرب اور داؤد ہرکولیس فرٹیلائزر پلانٹس کو فراہم کی جائے گی۔












لائیو ٹی وی