چیمپیئنز لیگ بایرن میونخ کے نام

لندن: جرمن چیمپیئن بایرن میونخ نے ارجن روبن کے 89ویں منٹ میں کیے گئے گول کی بدولت بروشیا ڈورٹمنڈ کو چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں 2-1 سے شکست دے دی۔
بایرن میونخ کی فتح کے ساتھ ہی جرمن کلب کی چار سالہ بدقسمتی کا بھی خاتمہ ہو گیا جہاں گزشتہ تین سال سے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا جس میں پچھلے سال چیلسی کے خلاف پینلٹی ککس پر شکست بھی شامل ہے۔
چھیاسی ہزار سے زائد تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں میچ شروع سے ہی انتہائی سنسنی خیز رہا جہاں دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک دوسرے گول پر متعدد حملے کیے گئے اور گول کرنے کے کئی مواقع بھی ضائع گنوائے گئے تاہم پہلا ہاف بجا طور پر ڈورٹمنڈ کے نام رہا۔
میچ کے 26ویں منٹ میں بایرن کے مینڈے زیوکک کا ہیڈر بروشیا کے گول کیپر وینڈے فیلر کے ہاتھ سے لگنے کے بعد گول پوسٹ سے ٹکرا کر باہر چلا گیا جبکہ اس سے 4 منٹ بعد ہی ڈورٹمنڈ کے گول کیپر نے ارجن روبن کی گول کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
پہلے ہاف کے اختتام سے کچھ دیر قبل روبن کو اس وقت دوسرا چانس ملا تاہم وینڈے فیلر کے منہ کی جانب ماری گئی سیدھی ہٹ ان کے ہاتھوں میں محفوظ ہو گئی۔

پہلے ہاف کے اختتام تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا۔
اس دوران بایرن گول کیپر نے بھی حریف کے متعدد حملوں کو گول میں تبدیل کرنے کی کوششوں کو ناکام بنایا اور کوئی گول اسکور نہ ہونے دیا۔
دوسرے ہاف کے ابتدائی 15 منٹ تک اسکور بورڈ میں کوئی تبدیلی رونما نہ ہوئی تاہم 60ویں میں کروشیا کے ماریو مینڈ زیوکک نے روبن اور فرنچ اسٹرائیکر فرینک ربیری کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے گیند کو گول کی راہ دکھا کر جرمن چیمپیئن کو ایک صفر کی برتری دلا دی۔
بایرن کی یہ برتری زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکی اور صرف آٹھ منٹ بعد برازیل کے کھلاڑی دانتے کی جانب سے ڈی میں فاؤل کے باعث اٹالین امپائر نے ڈورٹمنڈ کو پینلٹی ایوارڈ کر دی جس پر الکے گنڈاگان نے گول کرنے میں کوئی غلطی نہ کی۔

کھیل کے اختتامی لمحات میں بایرن کا کھیل قابل دید تھا اور انہوں نے پوری طرح حریف پر غالب آتے ہوئے اپنے جرمن چیمپیئن ہونے کا ثبوت دیا، اس دوران بروشیا کے کھلاڑی بھی تھکے تھکے دکھائی دیے جبکہ ان کے اسٹرائیکر لیون ڈاؤسکی بھی ریئل میڈرڈ کے خلاف فائنل جیسی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔
اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید مقابلہ ایکسٹرا ٹائم یا پینلٹی کس تک جائے گا لیکن ارجن روبن گزشتہ سال کی غلطی دہرانے کے موڈ میں نہ تھے۔

کھیل کے اختتام سے محض ڈیڑھ منٹ قبل گیند بروشیا کی ڈی می پہنچی جہاں پیچھے سے تیزی سے آنے والے روبن نے گیند کو انتہائی خوبصورتی سے گول میں پہنچا کر اپنی ٹیم کے لیے تاریخی گول اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 2001 کے بعد پہلی دفعہ اور مجموعی طور پر پانچویں بار چیمپیئن بننے کا اعزاز دلا دیا۔
اس گول کے ساتھ ہی روبن نے اپنی گزشتہ سال کی غلطی کا ازالہ بھی کر دیا جہاں ہوم گراؤنڈ میونخ میں انہوں نے چیلسی کے خلاف فائنل میں ایکسٹرا ٹائم میں ملنے والی پینلٹی کو ضائع کر دیا تھا جس کے بعد ان کی ٹیم کو پینلٹی ککس پر شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس پینلٹی کو ضائع کرنے پر جرمن شائقین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا تاہم آج جب انہوں نے گیند کو گول میں پہنچایا تو پورا اسٹیڈیم روبن روبن کی نعروں سے گونج رہا تھا۔

مذکورہ فتح کے ساتھ ہی رواں سیزن کے اختتام پر بایرن کا ساتھ چھوڑنے والے 68 سالہ کوچ ہینکس دو یورپی ٹیموں کے ساتھ چیمپیئنز لیگ جیتنے والے دنیا کے چوتھے کوچ بن گئے ہیں، اس سے قبل 1998 میں ان کی کوچنگ میں ریئل میڈرڈ نے یورپین چیمپیئن کا تاج سر پر سجایا تھا۔
واضح رہے کہ بایرن میونخ چیمپیئنز لیگ میں ٹائٹل جیتنے والی ٹیموں میں تیسرے نمبر پر ہے، اسپینش لیگ کی اسٹار ٹیم ریئل میڈرڈ نے نو اور اٹالین اے سی میلان نے سات مرتبہ یورپی لیگ کی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے جبکہ لیور پول نے بھی پانچ دفعہ ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔











لائیو ٹی وی