باجی راؤ سِنگھم مجرموں کا صفایا کرنے کو تیار ہے ‘سِنگھم ریٹرنز’ ریلیز کے بالکل قریب ہے۔

ممبئی میں ہونے والی 'سِنگھم ریٹرنز' کی تشہیری مہم میں فلم کی کاسٹ اپنی محنت اور شائقین کو سینما گھروں تک لانے کیلئے پُر امید دکھائی دی۔

کرینہ کپور کافی عرصے سے انڈسٹری سے دور ہیں لیکن اپنی نئی فلم کو لے کر وہ کافی پر جوش ہیں۔

ہندوستان ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں بیبو کا کہنا تھا کہ انہیں فلموں میں ایکشن سین ناپسند ہیں اور وہ اس قسم کے مناظر عکس بند کرانے سے اجتناب برتتی ہیں لیکن ہدایتکار روہت سیٹھی کی بات کچھ مختلف ہے۔

ان کی فلموں میں کام کرنے والے فنکاروں کی حفاظت کے لیے تمام تر انتظامات کیے جاتے ہیں اور اسی لئے وہ ان کے ساتھ کئی فلموں میں کام کر چکی ہیں جس کے باعث شائقین انہیں نئی فلم 'سنگھم ریٹرنز' میں رکشہ چلاتے ہوئے دیکھیں گے۔

دوسری جانب سپر سٹار اجے دیوگن نے کہا ہے کہ ’سنگھم ریٹرنز ‘کی کہانی کرپشن اور بدعنوانی کرنے والوں کی نشاندہی کرتی ہے۔

اسلئے وہ یہ بات پورے وثوق سے کہہ سکتے ہیں کہ ان کی یہ فلم ہندوستانی سینما کی تاریخ میں کرپشن کے خلاف بننے والی فلموں میں نمایاں مقام حاصل کرے گی۔

اجے دیوگن نے کہا کہ 'سنگھم ریٹرنز' کی کہانی اس سلسلے کی پہلی فلم سنگھم سے تھوڑی الگ ہے، اگرچہ اس کے اکثر کردار پرانی فلم والے ہی ہیں تاہم شائقین کو اس فلم کی کہانی اور ایکشن مختلف نظر آئے گا جس سے انہیں بوریت کا احساس نہیں ہوگا۔

اداکار اس فلم میں ایک دبنگ پولیس افسر کے روپ میں ممبئی کے غنڈہ مافیا اور کرپٹ سیاستدانوں کے خلاف ایکشن میں نظر آئیں گے۔

سنگھم ریٹرنز کی کہانی کالا دھن کمانے والوں کے گرد گھومتی ہے جو کہ پندرہ اگست کو ریلیز ہوگی۔

اجے دیوگن نے کہا کہ فلم کو ہندوستان کے یوم آزادی پر ریلیز کرنے کا مقصد ہی یہ ہے کہ لوگوں میں کرپشن اور غلط دھندوں کے بارے میں آگاہی پیدا کی جائے۔

تبصرے (0) بند ہیں