پاکستانی کرکٹر محمد عامر پر پابندی ختم

اپ ڈیٹ 29 جنوری 2015
پاکستانی کرکٹر محمد عامر ۔۔۔ فائل فوٹو
پاکستانی کرکٹر محمد عامر ۔۔۔ فائل فوٹو

کراچی: آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) نے محمد عامر کو ڈومیسٹک کرکٹ کھلینے کی اجازت دے دی ہے۔

واضح رہے کہ محمد عامر کی سزاء رواں برس ستمبر میں ختم ہو رہی تھی۔

اسپاٹ فکسنگ کیس میں محمد عامر پر 2010 میں 5 سال تک کرکٹ کھیلنے کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

آئی سی سی نے یہ فیصلہ اپنے اجلاس میں کیا جس کا باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ عامر کی واپسی کے مخالف

یاد رہے کہ محمد عامر 2010 میں لارڈز میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے دوران دیگر دو ساتھی کھلاڑیوں کے ہمراہ اسپاٹ فکسنگ کے الزامات ثابت ہوئے تھے جس کے بعد انہوں نے 3 ماہ برطانیہ کی جیل میں سزا بھی کاٹی تھی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2011 میں ان پر 5سال تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

محمد عامر اور آصف کے ساتھ ساتھ اس وقت کے قومی ٹیم کے سلمان بٹ پر 2010 میں دورہ انگلینڈ کے دوران لارڈز ٹیسٹ میں الزام عائد کیا گیا تھا انہوں نے جان بوجھ کر پیسوں کے لیے نوبال کیں۔

مزید پڑھیں : عامر آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ سے کلیئر

آئی سی سی نے 2011 میں ان پر پابندی عائد کردی تھی لیکن پابندی لگانے والے جج نے اس قانون پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی سے اس پر نظرثانی کا مطالبہ کیا تھا۔

اسپاٹ فکسنگ الزامات ثابت ہونے پر عامر پر پانچ سال، سلمان بٹ پر دس سال اور آصف پر سات سال پابندی لگائی گئی تھی جبکہ تینوں کو جیل کی ہوا بھی کھانی پڑی تھی۔

اس خبر کے حوالے سے : عامر کی ممکنہ واپسی پر ڈریسنگ روم میں خدشات

پی سی بی کی جانب سے گزشتہ سال آئی سی سی سے درخواست کی گئی تھی کہ محمد عامر پر لگائی جانے والی پابندی میں نرمی کر کے ان کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے۔

23 سالہ محمد عامر کی مشکلات کاخاتمہ پی سی بی کی کوششوں سے ہوا، سابق چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے گزشتہ سال آئی سی سی سے اینٹی کرپشن کوڈ میں ترمیم اور محمد عامر کو رعایت دلانے کی کوششوں کا آغاز کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : محمد عامر جلد میدان میں اترنے کے لیے پرامید

آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ میں ترمیم کے بعدپی سی بی نےطریقہ کار کے مطابق محمدعامر کی جانب سےڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت کےحوالے سےدرخواست آئی سی سی کوبھیجوائی تھی۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ نے گزشتہ دنوں عامر کا انٹرویو بھی لیا اور ان کے حوالے سے مثبت رپورٹ آئی سی سی بورڈ کو بھجوائی۔

جس کے بعد انہیں باقاعدہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی گئی۔

مزید پڑھیں : عامر کی کرکٹ میں واپسی کے امکانات روشن

اسپاٹ فکسنگ کیس میں پانچ سالہ پابندی کا شکار ہونے والے محمد عامر کو ان کے مثبت رویئے اور آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ سے تعاون کرنے کی بنا پر 6مہینے کی رعایت دی گئی ، تاہم بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے جو ہر دوبارہ دکھانے کے لیے محمد عامر کو 6ماہ مزید انتظار کرنا ہوگا۔

ان پر بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کی پابندی کا خاتمہ 2ستمبر 2015 کو ہوگا۔

پاکستان میں ان دنوں ڈومسٹیک کرکٹ کا سیزن بھی ختم ہو چکا ہے لہذا محمد عامر مقامی ٹیموں کے ساتھ کھیل سکیں گے۔

آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کےچیئرمین رونیے فلنگن کا کہناہےکہ محمد عامر کو ان کے مثبت روئیے اور یونٹ کے ساتھ بھر پور تعاون کے نتیجے میں 6 ماہ کی رعایت دی گئی۔

دبئی میں ہونےوالے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں محمد عامر کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دینے کا باضابطہ اعلان آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے چیئرمین رونیے فلنگن نےکیا۔

اپنی رپورٹ میں رونیے فلنگن کا کہناتھاکہ محمد عامر نے اینٹی کرپشن یونٹ کے ساتھ بھر پور تعاون کیا، انہوں نے اپنے جرم کا اعتراف کیا اور مثبت رویے کا اظہارکیا۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر نے اینٹی کرپشن یونٹ کو جرم کے بارے میں مکمل تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔

اینٹی کرپشن یونٹ کے چیئرمین کے مطابق محمد عامر کے تعاون کے نتیجے میں انہیں آئی سی سی کے اینٹی کرپشن کوڈ 6.8 کےتحت 6 ماہ کی رعایت دی گئی۔

تبصرے (1) بند ہیں

یوسف جمالی Jan 29, 2015 03:54pm
محمد عامر کے واپسی سے پاکستان کرکٹ ٹیم مضبوط ٹیم بن جائےگی محمد عامر ایک اچھے بولرز کے ساتھ ساتھ ایک اچھا بیٹسمین بھی ہیں اس کے علاوہ اس وقت پاکستانی ٹیم کو ایک فاسٹ بولر کی ضرورت بهی ہے . عامر کے واپسی سے پاکستانی کرکٹ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی پوزیشن میں آجائے گی