کوئٹہ: سانحہ شکارپور کا ماسٹرمائنڈ ہلاک
کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں فورسز نے سرچ آپریشن کےدوران فائرنگ کے تبادلے میں سانحہ شکارپور کا ماسٹرمائنڈ اور ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ میں مطلوب کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر عثمان عرف سیف اللہ ساتھی سمیت مارا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز نے سریاب میں گاہی خان چوک کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا۔
سیکیورٹی فورسز ذرائع کے مطابق اس علاقے میں کالعدم تنظیم جنداللہ سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کی ایک مکان میں موجود گی کی اطلاع تھی۔
ذرائع کے مطابق فورسز اور حساس اداروں نے سریاب روڈ کے علاقے گاہی خان چوک پر سرچ اپریشن کیا۔
سرچ آپریشن میں شرپسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں سانحہ شکارپور کا ماسٹرمائنڈ اور ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ میں مطلوب کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر عثمان عرف سیف اللہ ساتھی سمیت ہلاک ہوگیا۔
عثمان کو پہلے بھی گرفتار کیا گیا تھا تاہم وہ دو ہزار آٹھ میں کوئٹہ میں اے ٹی ایف جیل سے فرار ہوگیا تھا۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے دہشت گرد کے سر کی قیمت پچیس لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔
ترجمان ایف سی کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کے پانچ اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے دوکی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔












لائیو ٹی وی
تبصرے (3) بند ہیں