یمن سے 503 پاکستانی کراچی پہنچ گئے

اپ ڈیٹ 29 مارچ 2015
حوثی باغی یمن کے دارالحکومت صنعاء  میں ائر پورٹ کے گرد  گشت کر رہے ہیں۔۔۔ فوٹو: رائٹرز
حوثی باغی یمن کے دارالحکومت صنعاء میں ائر پورٹ کے گرد گشت کر رہے ہیں۔۔۔ فوٹو: رائٹرز
غیر ملکی افراد تیزی سے یمن سے نکل رہے ہیں ۔۔۔ فوٹو: اے ایف پی
غیر ملکی افراد تیزی سے یمن سے نکل رہے ہیں ۔۔۔ فوٹو: اے ایف پی

کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کا خصوصی بوئنگ -747 جمبو جیٹ یمن میں پھنسے 503 پاکستانی شہریوں کو لے کر کراچی پہنچ گیا۔

یمن میں حکومت مخالف باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی سربراہی میں خلیجی ملکوں کا اتحاد اپنی فضائی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔

اسلام آباد نے یمن کی موجودہ صورتحال میں وہاں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کا فیصلہ کیا اور سعودی ایوی ایشن حکام کی جانب سے کلئیرنس ملنے کے بعد پی آئی اے کا ایک طیارہ الحدیدہ بھیجا گیا۔

یاد رہے کہ لڑائی کے شکار یمن کے داراحکومت صنعاء سے اتوار کو 600 پاکستانیوں پر مشتمل قافلہ الحدیدہ پہنچا تھا۔

یمن کی مسلح افواج اور حوثی باغیوں نے صنعاء سے نکلنے والے پاکستانی قافلے کی سخت چیکنگ کی تھی۔

یمن میں پاکستانی سفیر عرفان شمسی نے بتایا تھا کہ پی آئی اے طیارے کی لینڈنگ پر پھنسے ہوئے پاکستانیوں نے تالیاں بجا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

شمسی نے پی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ پہلی پرواز سے 482 پاکستانیوں کو یمن سے نکالا جائے گا۔

وزیر اعظم نواز شریف ذاتی طور پر پی آئی اے کے انخلاء آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ان کے ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم نے حکام کو پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی یقینی بنانے کا حکم جاری کیا تھا۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ تمام پاکستانیوں کے انخلاء تک پی آئی اے آپریشن جاری رہے گا۔

دوسری جانب، پاکستان نیوی کی ایک فریگریٹ بھی انخلاء آپریشن میں حصہ لینے کیلئے اتوار کو کراچی کی بندرگاہ سے یمن کیلئے روانہ ہو گئی۔

سعودی عرب کے وزیر دفاع نے اپنے پاکستانی ہم منصب خواجہ آصف سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران یمن میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں