موٹاپے سے چھٹکارے میں مدد دینے والی 10 غذائیں

موٹاپے سے چھٹکارے میں مدد دینے والی 10 غذائیں


موٹاپا کس کو پسند ہوتا ہے یہ نہ صرف ظاہری شخصیت کو تباہ کردیتا ہے بلکہ یہ امراض کی جڑ بھی ثابت ہوتا ہے کیونکہ اس سے ذیابیطس، بلڈپریشر، امراض قلب اور فالج غرض کہ لاتعداد بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

اور یہ تو سب کو ہی معلوم ہے کہ موٹاپا اب ایک عالمی وباءبن چکا ہے اور گزشتہ سال کی ایک رپورٹ کے مطابق موٹاپے سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں پاکستان نویں نمبر پر ہے۔

وزن میں کمی کا کوئی جادوئی حل نہیں بلکہ طرز زندگی میں تبدیلی ہی سے آپ اپنی شخصیت کو بدل سکتے ہیں اور اس حوالے سے کچھ غذائیں بہت تیزی سے جسمانی وزن میں کمی لاتی ہیں جن کا استعمال آپ کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔

پروٹین

فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

پروٹین جسمانی صحت کے لیے بہت اہمیت رکھتے ہیں یہ صحت مند جلد، بال، ناخنوں، ہڈیوں اور پٹھوں کی جمانت بنتے ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ جسمانی وزن میں تیزی سے بھی کمی لانے کے لیے بھی فائدہ مند ہیں۔ ایری زونا اسٹیٹ یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق پروٹین کھانے کے بعد طبیعت سیر کرنے کا احساس بھی پیدا کرتے ہیں اور خوراک کے بعد کیلیوریز (حراروں) کو جلانے کا عمل بھی تیز کردیتے ہیں۔ آسان الفاظ میں کہا جائے تو پروٹین سے بھرپور خوراک کا استعمال پیٹ بھی بھرتا ہے، بھوک نہیں بڑھاتا اور چربی کو جلاتا ہے۔

وٹامن سی

کریٹیو کامنز فوٹو
کریٹیو کامنز فوٹو

وٹامن سی کے بارے میں کون نہیں جانتا، ترش پھلوں میں پائے جانے والا یہ وٹامن سردیوں میں نزلہ زکام سے بچاتا ہے جبکہ جلد کو جگمگا کر شخصیت کو پرکشش بناتا ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ طبی تحقیق کے مطابق جسم میں وٹامن سی کی کمی ہوجائے تو اس کی جگہ بھرنے کا کام چربی کرتی ہے۔ کینیڈین تحقیق کے مطابق وٹامن س کی کمی موٹاپے کا باعث بنتی ہے جبکہ اس سے بھرپور اشیاءکا استعمال جسم میں چربی کو جمع نہیں ہونے دیتے یا آپ توند سے محفوظ رہتے ہیں۔

شہد

اے ایف پی فوٹو
اے ایف پی فوٹو

یہ قدرتی مٹھاس موٹاپے سے بچاﺅ کے لیے بھی بہترین ہے۔ مختلف طبی تحقیقی رپورٹس کے مطابق شہد کا استعمال جسمانی وزن اور چربی کو کم کرتا ہے جبکہ اس میں بیکٹریا کش، وائرس سے بچاﺅ وغیرہ جیسے اثرات مختلف طبی فوائد کا باعث بھی بنتے ہیں۔ یہ جسم میں بلڈ شوگر کو بھی بہتر کرتا ہے جبکہ جسمانی دفاعی نظام بھی بہتر ہوتا ہے اور کیا آپ کو معلوم ہے کہ یہ کھانسی پر قابو پانے کے لیے بھی موثر دوا ہے؟

کوکا

اے ایف پی فوٹو
اے ایف پی فوٹو

اگر تو آپ کو چاکلیٹ پسند ہے تو اچھی خبر یہ ہے کہ اس کا مستقل استعمال موٹاپے سے بھی تحفظ دیتا ہے۔ امریکا کی یالے یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق چاکلیٹ میں اینٹی آکسائیڈنٹس بیشتر غذاﺅں سے زیادہ ہوتی ہے اور اس میں شامل کوکا اعصاب کو انجری اور سوجن سے تحفظ دیتے ہیں جبکہ یہ میٹھی سوغات چربی کو گھلانے کا عمل بھی تیز کردیتی ہے۔

سرکہ

کریٹیو کامنز فوٹو
کریٹیو کامنز فوٹو

سننے میں حیران کن ضرور لگے گا مگر سرکے کا سلاد میں استعمال پیٹ بھرنے کا احساس پیدا کرتا ہے۔ طبی تحقیق کے مطابق کسی بھی کھانے میں سرکے کو شامل کیا جائے تو یہ ترش سیال بلڈ شوگر کو بڑھنے سے روکتا ہے اور ایسا ہونے کی صورت میں کچھ دیر بعد کچھ کھانے کی خواہش پیدا نہیں ہوتی۔ اسی طرح سرکہ جسمانی چربی کو جمع ہونے سے بھی روکتا ہے اور صاف ظاہر ہے توند کا تو امکان ہی نہیں ہوتا۔

ناریل کا تیل

فوٹو بشکریہ وکی میڈیا کامنز
فوٹو بشکریہ وکی میڈیا کامنز

ناریل کا تیل ذائقے میں میٹھا اور چکنائی سے بھرپور ہوتا ہے جو کہ خواتین میں توند بننے کے عمل کو روکتا ہے۔ برازیل میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق ناریل کا تیل جسم کے لیے نقصان دہ کولیسٹرول کو بھی بڑھنے سے روکتا ہے اور امراض قلب کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے، جبکہ اس کے استعمال سے خوراک سے مطلوبہ کیلوریز میں وزن میں اضافہ کیے بغیر جسم کا حصہ بن جاتی ہیں۔

خشک میوہ جات

فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

خشک میوہ تو ہر ایک کو ہی پسند آتا ہے خاص طور پر بادام، پستے اور اخروٹ وغیرہ یہ سب فیٹی ایسڈز سے بھرپور ہوتے ہیں جو لوگوں کے اندر توند پیدا نہیں ہونے دیتے۔ ان کے استعمال سے پیٹ بھی نہیں بڑھتا جبکہ جسمانی توانائی کا ذخیرہ بڑھتا چلا جاتا ہے جبکہ ان کا استعمال دیگر کئی امراض جیسے بلڈ پریشر اور امراض قلب وغیرہ سے بھی تحفظ دیتے ہیں۔

فائبر

کریٹیو کامنز فوٹو
کریٹیو کامنز فوٹو

کئی برسوں سے سائسندان کہتے چلے آرہے ہیں کہ کسی کھانے کا آغاز سلاد سے کرنا بھوک کو کم کرتا ہے اور اس بات کو یقنی بناتا ہے کہ آپ زیادہ نہ کھائیں۔ مگر ایسا کیوں ہوتا ہے ؟ اس کی وجہ ہے کہ سلاد فائبر سے بھرپور ہوتی ہے۔ گاجروں، ٹماٹروں اور اسی طرح کی دیگر سبزیوں میں یہ بہترین جز موجود ہوتا ہے۔ جب کبھی آپ کو احساس ہو کہ آپ کچھ زیادہ ہی کھانے لگے ہیں تو سلاد کا استعمال اس عادت کو روکنے کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے جبکہ اس میں شامل سبزیاں چربی جلانے کا عمل بھی تیز کردیتی ہیں جس کے نتیجے میں موٹاپے کا امکان ہی پیدا نہیں ہوتا۔

کیلشیئم

فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

یہ تو سب کو معلوم ہے کہ کیلشیئم ہڈیوں کے لیے بہت اہم ہوتا ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ کیلشیئم بھوک کو بھی کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ ہڈیوں کو مضبوط بنانے والے اس منزل کا زیادہ استعمال نہیں کرتے وہ موٹاپے کا بھی شکار ہوتے ہیں جبکہ کھانے کے دوران ان کے لی اپنا ہاتھ رکھنا مشکل ہوتا ہے۔ اس کے مقابلے میں کیلشیئم سے بھرپور غذا استعمال کرنے سے یہ امکان بہت کم ہوتا ہے۔

دودھ یا اس سے بنی اشیاء

کریٹیو کامنز فوٹو
کریٹیو کامنز فوٹو

دودھ کیلشیئم کے حصول کا اہم ذریعہ تو ہے ہی تاہم اس میں ایسے اجزاءکی بھی تعداد کم نہیں جو جسمانی چربی کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ دن میں تین بار دودھ یا اس سے بنی اشیاءکا استعمال توند وغیرہ سے چربی گھلانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے جبکہ موٹاپے کو کم کرنے کی رفتار کوبھی بڑھا دیتا ہے۔