جاسوس کبوتر کے خلاف را کے تصویری ثبوت
کل ہندوستانی پولیس نے سرحد کے قریب سے ایک کبوتر پکڑا جس سے مبینہ طور پر وزیرِ اعظم نریندرا مودی کے نام ایک انتباہی خط برآمد ہوا ہے۔ گذشتہ سال بھی ہندوستان نے ایک کبوتر کو گرفتار کیا تھا اور اس پر پاکستانی جاسوس ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔ فی الوقت ہم اس حوالے سے مزید اطلاعات کے منتظر ہیں، تب تک کے لیے ہندوستانی حکومت کی جانب سے گذشتہ سال کبوتر کے خلاف جاری کیے گئے ثبوت ملاحظہ کیجیے۔
گذشتہ ہفتے ہندوستانی حکام نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ایک کبوتر پکڑا ہے، جو حقیقت میں پاکستانی جاسوس ہے۔ ہندوستانی خفیہ ایجنسی را نے دعویٰ کیا کہ کبوتر کو پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی نے خصوصی طور پر تربیت دی تھی، تاکہ وہ ہندوستان میں گھس کر جاسوسی کر سکے۔
اپنے اس دعوے کو ثابت کرنے کے لیے را نے کچھ تصاویر جاری کی ہیں، جو کہ را کے تربیت یافتہ طوطے نے لی تھیں۔ تصاویر میں پاکستانی جاسوس کبوتر کو ہندوستان میں جاسوسی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ را کے سربراہ راجر بِنی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تصاویر سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستانی جاسوس کبوتر، جس کا خفیہ نام غٹرغوں خان ہے، کئی سالوں، یا شاید دہائیوں سے ہندوستان میں جاسوسی مشن پر تھا۔
ذیل میں وہ تصاویر ہیں جو را نے اپنے دعوے کے ثبوت کے طور پر جاری کی ہیں۔
غٹرغوں خان را سربراہ کی پالتو بطخوں کی جاسوسی کرتے ہوئے۔
غٹرغوں خان ایک ہندوستانی مادہ کبوتر سے پیار کا ڈرامہ کر کے اسے بھرتی کر رہا ہے۔
بہار کے ایک ایٹمی پلانٹ کے باہر غٹرغوں خان کی لی گئی سیلفی۔
غٹرغوں خان ایک محبِ وطن ہندوستانی گلہری سے لڑتے ہوئے۔ گلہری کی لاش بعد میں ایک قریبی تالاب سے برآمد ہوئی۔
غٹرغوں خان ہندوستانی دریا کو آلودہ کرتے ہوئے۔
غٹرغوں خان ایک معصوم ہندوستانی پر فضائی حملہ کرتے ہوئے۔
وزیرِ اعظم مودی پاکستانی کبوتروں کے فضائی حملوں سے بچاؤ کے لیے خصوصی طور پر تیار کیے گئے ہیٹ کی نمائش کر رہے ہیں۔
ایک آئی ایس آئی اہلکار غٹرغوں خان کو ہندوستان میں مزید فضائی حملوں کے لیے رقم دیتے ہوئے۔
آئی ایس آئی کے ساتھ کام کرنے والا ایک چینی سائنسدان غٹرغوں خان کی بائیں آنکھ میں کیمرہ نصب کر رہا ہے۔
غٹرغوں خان بولی وڈ اداکارہ کے بھیس میں۔
غٹرغوں خان ہندوستان میں جاری ٹیسٹ میچ میں رکاوٹیں ڈالتے ہوئے۔ خاص طور پر دنیا کے تیز ترین، خطرناک ترین، اور بہترین باؤلر اشانت شرما کو زخمی کرنے کی کوشش کرتے ہوئے۔
غٹرغوں خان خفیہ اور اسٹریٹیجک طور پر مودی اوبامہ ملاقات میں موجود ہے۔
غٹرغوں خان کی جانب سے مچائی گئی زبردست تباہی۔
آخر کار غٹرغوں خان کو گرفتار کر کے وہیں بھیج دیا گیا جہاں اسے ہونا چاہیے تھا۔ ہندوستان اب محفوظ ہے۔ را زندہ باد! غٹرغوں خان کے آخری الفاظ:
"!My name is Khan, and I'm not a spy"
تبصرے (30) بند ہیں