پیپلزپارٹی کی آصف زرداری کے بیان کی توثیق
اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ نے سابق صدر آصف علی زرداری کے فوج کے خلاف دیئے گئے بیان کی توثیق کردی جبکہ سی ای سی نےبلاول بھٹو زرداری کو اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی بنانے کی بھی تجویز دیدی۔
زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چئرمین آصف علی زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ پارٹی نے آصف زرداری کے سیاسی منظرنامے پر طوفان برپا کرنے والے بیان کی مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا۔
مرکزی مجلس عاملہ نے مطالبہ کیا کہ بلاول بھٹو زراری ضمنی الیکشن لڑ کر قومی اسمبلی میں آئیں اور پارٹی کی قیادت کریں۔
اجلاس میں کہا گیا کہ تمام ادارے اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کریں۔
تاہم سی ای سی نے آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے فوج کی مکمل حمایت کے عزم کا اظہار کیا اور فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو سراہا۔
مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کی گلگت بلتستان میں تنظیم کو تحلیل کردیا گیا جب کہ انتخابات میں دھاندلی سے متعلق جمعرات کو وائٹ پیپر جاری کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔
پیپلز پارٹی نے بھارتی اشتعال انگیز بیانات کی مذمت کی۔
اجلاس میں کرپشن کے الزامات پر سابقہ وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف نے پارٹی عہدے چھوڑنے کی پیشکش کی جو مسترد کردی گئی۔
اجلاس کے بعد ڈان سے بات کرتے ہوئے سی ای سی کے رکن اور سابق وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے تصدیق کی کہ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کو قومی اسمبلی کے انتخاب کے لیے کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو سکھر یا لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کی نشست کے لیے کھڑا کیا جائے گا اور اس حوالے سے رسمی اعلان آج کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پی پی پی بلاول کو قومی اسمبلی میں بطور قائد حزب اختلاف متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے اور خورشید شاہ پہلے ہی اس تجویز سے رضا مند ہوچکے ہیں۔











لائیو ٹی وی