پشاور: بلاول کی آمد پر 'گو بلاول گو' کے نعرے
پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال آمد پر مریضوں اور تیمارداروں نے راستے سیل کیے جانے پر شدید احتجاج کیا اور 'گو بلاول گو' کے نعرے بھی لگائے۔
بلاول بھٹو زرداری لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیر علاج حالیہ زلزلے کے زخمیوں کی تیمار داری کے لیے کراچی سے پشاور پہنچے تھے۔
پی پی پی کے چیئرمین پشاور ایئرپورٹ سے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچے تو ان کے ہمراہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، آصفہ بھٹو زرداری اور شیری رحمٰن بھی موجود تھیں۔
یہ بھی پڑھیں : بلاول کی واپسی بہنوں کی کوششوں کا نتیجہ
انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز میں زلزلے کے زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے جبکہ 500 سے زائد پولیس اہلکاروں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے اطراف میں تعینات کیا گیا.
ہسپتال کے ایڈمنسٹریشن بلاک کے تمام راستے سیل کر دیئے گئے تھے، جس کے باعث ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور تیمار داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
وی آئی پی سیکیورٹی کے باعث مریضوں اور ان کے لواحقین نے مشکلات کے باعث احتجاج شروع کر دیا۔
احتجاج کرنے والوں نے '' گو بلاول گو'' کے نعرے بھی لگائے۔
بلاول بھٹو زرداری ہسپتال میں مریضوں کی عیادت کے بعد پی پی پی کے رہنما ہمایوں خان کے گھر کے لیے روانہ ہوئے۔











لائیو ٹی وی
تبصرے (4) بند ہیں