آرمی پبلک اسکول حملہ: احمد علی شاہ–عمر 13

آرمی پبلک اسکول حملہ: احمد علی شاہ–عمر 13

والدین: خالد محمود(مرحوم) اور جمیلہ کوثر
بھائی: 12 سالہ محمد احمد

احمد اپنی عمر سے زیادہ پختہ ذہن رکھتے تھے۔ ان کی والدہ کے بقول شاید اس کی وجہ محض چار سال کی عمر میں والد سے محروم ہونا ہے۔

احمد اپنی عمر کے دوسرے بچوں کے برعکس والدہ سے کسی قسم کا مطالبہ نہیں کرتے تھے۔ حتی کہ ریستوران میں بھی وہ مینو سے ارزاں ڈش کا انتخاب کرتے کیونکہ وہ اپنی تنہا والدہ پر مالی بوجھ ڈالنے کے خلاف تھے۔

اس سب کے باوجودوہ اپنے چہرے پر مسکراہٹ سجائے رکھتے اور زندگی سے مطمئن دکھائی دیتے۔

ذہین اور پڑھائی میں دلچسپی رکھنے والے احمد کی آواز بھی سریلی تھی۔ انہیں اکثر و بیشتر نعت خوانی کیلئے مدعو کیا جاتا۔ وہ ٹینس کھیلنا بھی سیکھ رہے تھے۔

احمد والدہ کو اپنے مستقبل کے منصوبوں سے گاہے بگاہے آگاہ کرتے رہتے۔ آٹو انجینئر بننے کے خواہش مند احمد کار ڈیزائنگ میں مشغول رہتے اور اپنی والدہ کو بتاتے کہ ایک دن وہ ان کاغذی ڈیزائنز کو حقیقی رنگ دیں گے۔

احمد کی والدہ نے مزید بتایا کہ انہیں شاعری کا بھی شوق تھا جس کی وجہ سے وہ انہیں پیار سے شاعر یا اشفاق احمد کہتیں۔ والد کے انتقال کے بعد احمد نے اپنی والدہ ان کا بہت خیال رکھا۔