اسلام آباد: پاکستان میں تعینات ہندوستانی ہائی کمشنر گوتم بامبا والے نے کہا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے گوتم بامبا والے نے کہا کہ دونوں ممالک چاہتے ہیں کہ بات چیت کا آغاز کریں اور اس حوالے سے ایسے ماحول کو پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ بات چیت کا آغاز ہوسکے۔

انھوں نے نئی دہلی میں ہونے والے ہارٹ آف ایشیا اجلاس کے موقع پر دونوں ممالک کے خارجہ سیکریٹرز کی غیر رسمی ملاقات کو بہت مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ سازگار ماحول پیدا کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔

ہندوستانی ہائی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ ایسے ماحول کو آسانی سے پیدا کرلیا جائے گا اور اس کے مطابق مذاکرات بھی بحال ہوجائیں گے۔

انھوں نے پاکستان کی جانب سے ہندوستانی ماہی گیروں کی رہائی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے بھی جواب میں ایسا ہی اقدام اٹھایا ہے۔

گوتم بامبا والے نے دوطرفہ کرکٹ سیریز کیلئے کسی بھی قسم کی تجویز کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کی کرکٹ ٹیمیں ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی کھیل چکی ہیں۔

اس سے قبل سیمینار میں ہندوستانی ہائی کمشنر نے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر پر ہندوستانی تسلط کے بارے میں سوال کا جواب دینے سے ہندوستانی اسکالر کو روکنے کی کوشش کی، تاہم چیئرمین پلڈاٹ احمد بلال محبوب نے کہا کہ سیاسی فورم میں کسی کو بات کرنے سے نہیں روکا جا سکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستانی ہائی کمشنر کے خیالات کا احترام کرتے ہیں تاہم کسی کو بولنے سے نہیں روکا جا سکتا جس پر ہندوستانی دانشور پروفیسر ایشورا پاڈل نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کو ہندوستانی آئین کے تحت چلایا جا رہا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں