• KHI: Clear 17.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 9.6°C
  • KHI: Clear 17.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 9.6°C

'افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیئے'

شائع August 25, 2016

اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہمیں ہندوستان اور افغانستان کے درمیان دو طرفہ معاہدوں پر کوئی اعتراض نہیں لیکن افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہیے۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ گزشتہ 15 برس میں افغانستان میں طاقت کے استعمال کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا، افغانستان کے مسئلے کا حل صرف مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

ہندوستان کی جانب سے افغانستان کو اسلحہ فراہمی کے معاملے پر ترجمان نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہیے۔

حال ہی میں سامنے آنے والی ایک رپورٹ کے مطابق افغانستان اور ہندوستان کے درمیان قربت وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتی جارہی ہے اور گزشتہ 15 برس کے دوران ہندوستان افغانستان کو 2 ارب ڈالر کی معاشی امداد فراہم کرچکا ہے۔

مزید پڑھیں:افغانستان کا ہندوستان سے 'ڈو مور' کا مطالبہ

گزشتہ برس دسمبر میں نئی دہلی نے افغانستان کو 4 جنگی ہیلی کاپٹرز فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا جن میں سے 3 روسی ساختہ ایم آئی 25 ہیلی کاپٹر شدت پسندوں کے خلاف استعمال کیے جارہے ہیں جبکہ چوتھا چند ہفتوں میں افغانستان پہنچ جائے گا۔

افغانستان اور ہندوستان کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعلقات پر پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ حکومت دو ملکوں کے باہمی تعلقات پر تبصرہ نہیں کرتی، تاہم ترجمان نے خبردار کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ساتھ ہی اس توقع کا بھی اظہار کیا گیا تھا کہ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے ہندوستان کو افغان سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

'الطاف حسین کا معاملہ وزارت خارجہ کے پاس'

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین کی پاکستان مخالف تقریر کا معاملہ وزارت داخلہ دیکھ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد ایم کیو ایم کے حوالے سے وزارت داخلہ نے کئی مواقع پر برطانوی حکومت کے سامنے معاملہ اٹھایا اور وزارت داخلہ کے برطانوی ہوم منسٹری سے معاہدات کے تحت ایسے بہت سے معاملات پر رابطے موجود ہیں۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 22 اگست کو الطاف حسین نے کراچی میں پریس کلب کے باہر ایم کیو ایم کے بھوک ہڑتالی کیمپ سے خطاب کیا تھا جس میں انہوں نے پاکستان مخالف نعرے لگوائے تھے جبکہ کارکنان کو مختلف ٹی وی چینلز پر حملوں کے لیے اکسایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:الطاف حسین کاایک اورپاکستان مخالف بیان،متحدہ کاپھر اعلان لاتعلقی

الطاف حسین کے اس خطاب کے بعد ایم کیو ایم کے رہنماؤں کی گرفتاریاں شروع ہوئیں اور پارٹی دفاتر اور ہیڈکوارٹر نائن زیرو کو سیل کردیا گیا تھا، جس کے اگلے دن کراچی رابطہ کمیٹی کے فیصلے سے سینئر متحدہ رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے الطاف حسین کے پاکستان مخالف بیان سے اعلان لاتعلقی کرتے ہوئے ایم کیو ایم کو پاکستان سے چلانے کے فیصلے کا اعلان کیا تھا۔

بعدازاں امریکا میں کارکنان سے ایک اور خطاب میں الطاف حسین نے مبینہ طور پر کہا کہ اگر 'امریکا، اسرائیل ساتھ دے تو داعش، القاعدہ اور طالبان پیدا کرنے والی آئی ایس آئی اور پاکستانی فوج سے خود لڑنے کے لیے جاؤں گا'۔

الطاف حسین کے اس بیان سے بھی ایم کیو ایم کی کراچی میں موجود رابطہ کمیٹی نے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔

'ہندوستان کی ہٹ دھرمی سے مسئلہ کشمیر کا حل تعطل کا شکار'

ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان، ہندوستان سے باہمی مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حل کا خواہاں ہے، لیکن ہندوستانی ہٹ دھرمی کے باعث اس کا حل نہیں نکل رہا۔

نفیس ذکریا نے واضح کیا کہ ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں افواج کے ہاتھوں 80 سے زائد کشمیری ہلاک اور 7000 کے قریب زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ اب تک ہندوستانی فوج کے ہاتھوں پیلٹ گن سے آنکھوں پر زخم کھانے والوں کی تعداد 500 تک جاپہنچی ہے۔

یہاں پڑھیں: ہندوستان اور پاکستان کے درمیان لفظی جنگ میں شدت

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیر میں ہندوستانی مظالم کے خاتمے اور ان کی مذمت میں تمام اہم فورمز پر بات کر رہا ہے، کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں ابھی تک حل طلب ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی پاکستان کی حمایت کے حصول کے لیے چند ممالک کے دورے پر ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستانی وزیراعظم کے حالیہ بیان کا پورے بلوچستان نے مظاہروں کی شکل میں جواب دیا اور نریندر مودی کا یہ بیان ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے سلسلے کی کڑی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان،گلگت اورآزاد کشمیر کے لوگوں نے ہماراشکریہ ادا کیا، مودی

واضح رہے کہ ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے کشمیر میں جاری ہندوستانی سیکیورٹی فورسز کے نہتے کمشریوں پر مظالم پر سے توجہ ہٹانے کے لیے یوم آزادی کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا تھا کہ 'گزشتہ چند دنوں کے دوران بلوچستان، گلگت اور آزاد کشمیر کے لوگوں نے میرا شکریہ ادا کیا، میں بھی ان کا ممنون ہوں'۔

'جان کیری کے دورہ پاکستان کی منسوخی سے لاعلمی'

ترجمان دفتر خارجہ نے نیوز بریفنگ کے دوران امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری کے دورہ پاکستان کی منسوخی کے حوالے سے کسی بیان سے لاعلمی کا اظہار کیا۔

انھوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ جان کیری نے دورہ پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا تھا، ابھی تک ان کے دورے کی تاریخیں موصول نہیں ہوئیں جبکہ پیٹر لیوائے کا دورہ پاکستان معمول کے دورے کا حصہ ہے۔

نفیس ذکریا کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سارک ممالک کی 19ویں کانفرنس کی میزبانی نومبر میں کر رہا ہے اور اس حوالے سے تمام اقدامات جاری ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2025
کارٹون : 24 دسمبر 2025