برائڈل ویک : دوسرے روز نئے ڈیزائنرز سے لوگ متاثر

لوریال پیرس برائیڈل فیشن ویک کے دوسرے روز پاکستانی فیشن انڈسٹری میں آنے والے نئے ڈیزائنرز نے اپنے ملبوسات کی نمائش کی۔

ویسے تو شائقین کو ان ڈیزائنرز سے کافی امید تھی تاہم دوسرے روز کچھ ہی نئے ڈیزائنرز کے ڈیبیو نے لوگوں کو متاثر کیا۔

فیشن ویک کے دوسرے روز ماہ گل اور شمشا ہشوانی کے ملبوسات کو سب سے زیادہ پزیرائی ملی۔

ماہ گل

واضح رہے کہ ڈیزائنر ماہ گل کی کلیکشنز وقت کے ساتھ ساتھ بہتر ہوتی جارہی ہیں، ان کے ملبوسات میں تمام ماڈلز نہایت دلچسپ نظر آئیں۔

ماہ گل نے روایتی جوڑوں کو ایک نیا روپ دیتے ہوئے ہلکے اور بھاری کام کے ساتھ اپنی کلیکشن پیش کی جسے کافی پسند کیا گیا۔

ان کے ملبوسات کے ساتھ زیورات کا بھی خاصہ خیال رکھا گیا تھا۔

شیزا حسن

شیزا حسن کی کلیکشن کو شائقین نے کچھ خاص پسند نہیں کیا تاہم اگر اس دوران کوئی بات توجہ کا مرکزی بنی تو وہ ان کا شو اسٹاپر تھا۔

شیزا کی کلیکشن کے لیے ان کے بھائی اور ٹینس کے کامیاب کھلاڑی اعصام الحق شو اسٹاپر بنے جنہوں نے ریمپ پر چل کر لوگوں کی خوب داد وصول کی۔

فرح اور فاطمہ

فرح اور فاطمہ کی کلیکشن میں شائقین کو کچھ خاص نیا دیکھنے کو نہیں ملا، عروسی جوڑوں پر بھاری کام اور وہی پرانے رنگ لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

اس دوسرے روز کی کلیکشنز میں سب سے کم توجہ حاصل کرنے والی ڈیزائنرز کے طور پر سامنے آئیں۔

سائرہ رضوان

ڈیزائنر سائرہ رضوان نے اپنی کلیکشن میں ہلکے رنگوں کے ملبوسات پیش کی جو کچھ زیادہ متاثر نہ کرسکے۔

اگر اس دوران کوئی بات توجہ کا مرکز بنی تو وہ اداکارہ حریم فاروق کی ریمپ پر واک تھی۔

اداکارہ نے سائرہ رضوان کے عروسی جوڑے میں ریمپ پر واک کرکے لوگوں کی خوب داد وصول کی۔

شمشا ہاشوانی

شمشا ہاشوانی کے ملبوسات کو شائقین نے کافی پسند کیا، ان کی کلیکشن میں نہایت منفرد انداز کے عروسی جوڑے شامل کیے گئے تھے۔

سوہائی علی آبڑو اس دوران ان کی شو اسٹاپر کے طور پر نظر آئیں جو نہایت خوبصورت انداز میں موجود تھیں۔