ہندوستان کے خلائی ادارے اسرو نے 104 سیٹلائٹس خلاء میں بھیج کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کرلیا۔

اس سے قبل کسی ایک خلائی مشن میں سب سے زیادہ سیٹلائٹس بھیجنے کا عالمی ریکارڈ روس کے پاس تھا، جس نے 2014 میں ایک وقت میں 37 مصنوعی سیارے کامیابی کے ساتھ خلاء میں روانہ کیے تھے۔

اس مہم میں بھیجے جانے والے 104 مصنوعی سیٹلائٹس میں سے 3 بھارت کے جب کہ باقی 101 سیٹلائٹس اسرائیل، قازقستان، ہالینڈ، سوئٹزرلینڈ اور امریکا کے ہیں۔

مذکورہ مشن کو روانہ کرنے والے منصوبے کے ڈائریکٹر بی جے کمار کے مطابق، 'یہ ان کے لیے اور سب کے لیے بہت خوشی کا لمحہ ہے کیونکہ آج ایک نئی تاریخ رقم کردی گئی ہے'۔

میڈیا کو اس حوالے میں اسرو کے چیئرمین ایس ایس کرن کمار کا بتانا تھا کہ ان میں سے ایک مصنوعی سیارے کا وزن 730 کلوگرام ہے، جبکہ اس کے علاوہ ان کے پاس 600 کلوگرام مزید وزن خلا میں بھیجنے کی صلاحیت تھی، اس لیے 101 دیگر سیٹلائٹس کو بھی لانچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کرن کمار کی جانب سے مہم پر ہونے والے اخراجات کی تفصیلات بیان نہیں کی گئیں، تاہم یہ واضح کیا گیا ہے کہ مشن کا نصف خرچ غیر ملکی سیٹلائٹس کو بھیجنے سے آیا۔

ایک اندازے کے مطابق اسرو کو غیر ملکی مصنوعی سیاروں سے 100 کروڑ روپے سے زیادہ کی آمدن ہوئی ہوگی۔

سینیئر صحافی پلّو باگلا نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں بتایا کہ گذشتہ چند سالوں کے دوران بھارت نے دنیا کے 21 ممالک کے 79 سیٹلائٹس کو خلاء میں لانچ کیا، جس میں گوگل جیسی بڑی کمپنیوں کے سیٹلائٹس بھی شامل تھے۔

خیال رہے کہ بھارت کے خلائی ادارے اسرو نے گذشتہ سال بھی ایک وقت میں 20 مصنوعی سیارے کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیجے تھے۔

تبصرے (1) بند ہیں

nadilshah Feb 16, 2017 02:08am
پروگرام بہت اچھا دلچسپ ھوتا ھے ھر چیز سے آگاہ موبائل ھو یا ادوایات بیماری ھو یا ماحول اپ کا سیٹ پر جانے کو دل کر تا ھے