• KHI: Clear 18.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 9.9°C
  • KHI: Clear 18.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 9.9°C

عدنان سمیع ہندوستان میں مشکلات سے دوچار

شائع October 15, 2013

ہندوستان میں مقیم پاکستانی گلوکار و موسیقار عدنان سمیع خان۔ فائل فوٹو

ممبئی: پاکستانی موسیقار اور گلوکار عدنان سمیع خان ہندوستان میں مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں جہاں انہیں رواں ماہ کے آغاز میں ویزہ ختم ہونے کے باوجود ہندوستان میں قیام پر ممبئی پولیس کی جانب سے نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔

ایک عرصے سے ہندوستان میں مقیم 44 سالہ عدنان سمیع کو جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وہ ویزے کی میعاد ختم ہونے کے باوجود ہندوستان میں قیام کی وجوہات بیان کریں۔

سٹی پولیس کی اسپیشل برانچ کے ذرائع نے بتایا کہ اس کے علاوہ نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اس بات کی بھی وضاحت کریں کہ انہوں نے اب تک معاہدے کی تجدید کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں۔

پاکستانی موسیقار اور گلوکار کے گزشتہ ویزے کی میعاد 26 ستمبر 2012 سے چھ اکتوبر 2013 تک تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ سمیع نے ممبئی پولیس کو بتایا ہے کہ انہوں نے ویزے کی تجدید کے لیے دہلی میں درخواست دی ہوئی ہے لیکن وہ اس دعوے کو ثابت کرنے کے لیے کوئی دستاویزی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے۔

اگر سمیع نوٹس کا جواب نہیں دیتے اور غیرملکیوں پر لاگو ضوابط پر عمل نہیں کرتے تو محکمہ داخلہ کو ضروری کارروائی کرنے کے لیے کہا جائے گا۔

عدنان سمیع کا ویزہ ختم ہونے کی بات گلوکار اور ان کی سابقہ اہلیہ سباح گلاداری کے درمیان جاری فلیٹ کے تنازع کے مقدمے کے دوران عدالت میں منظر عام پر آئی تھی۔

اس موقع پر گلاداری کے وکیل نے انکشاف کیا تھا کہ موسیقار ہندوستان میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر ہیں اور ان کا ویزہ ختم ہو گیا ہے۔

تاہم سمیع کی وکیل اوشا تنا نے اس تمام معاملے کو جھوٹی شہرت حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

اوشا نے کہا کہ ویزہ کی تجدید کی درخواست ایک معمول کا عمل ہے اور عدنان گزشتہ 20 سال سے اس پر عمل کر رہے ہیں، اس طرح کے معاملات صرف شہرت کے حصول کے لیے اچھالے جا رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2025
کارٹون : 24 دسمبر 2025