شکارپور دھماکے میں زخمی حاجن شاہ انتقال کرگئے
شکارپور: شہر کے اہم مزار، درگاہ غلام شاہ غازی کے گدی نشین، سید حاجن شاہ پیر کے روز انتقال کرگئے.
واضح رہے کہ حاجن شاہ 25 فروری کو مزار پر ہونے والے بم دھماکے میں زخمی ہوگئے تھے جو ڈان نیوز کے مطابق آج انتقال کرگئے۔
ان کے انتقال کی خبر کے بعد شکارپور شہر میں کاروباری اور دیگر سرگرمیاں معطل ہوگئیں اور فضا سوگوار ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق اس خبر کے بعد مشتعل افراد سڑکوں پر آگئے اور واقعے کے ذمے داروں کیخلاف شدید احتجاج کیا۔ اس بم دھماکے میں تین افراد ہلاک اور ایک درجن سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
پچیس فروری کو ہونے والے دھماکے میں ان کے دو بچے اور تین خواتین بھی زخمی ہوئی تھیں۔
لاڑکانہ کے ڈی آئی جی ، عبدالخالق شیخ کے مطابق، ایک نامعلوم شخص نے موبائل فون پر گفتگو کے دوران درگاہ کے قریب ایک بیگ رکھا تھا جو اس کے جاتے ہی دھماکے سے پھٹ پڑا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم شخص نے ایک بیگ اس ہال کے قریب رکھا جہاں گدی نشین اور ان کے مریدین بیٹھتے ہیں۔ اس کے پندرہ منٹ بعد وہاں دھماکہ ہوگیا۔
واضح رہے کہ بیس فروری کو روحانی رہنما سید غلام حسین شاہ بخاری کے قافلے پر جیکب آباد کے قریب بھی حملہ کیا گیا تھا۔ اس واقعے میں ان کے پوتے سید شفیق شاہ ہلاک اور دیگر آٹھ افراد زخمی ہوگئے تھے۔












لائیو ٹی وی