عمران – اولسن ملاقات پر قیاس آرئیاں

23 نومبر 2014
امریکی سفیر رچرڈ اولسن۔ — فائل فوٹو
امریکی سفیر رچرڈ اولسن۔ — فائل فوٹو

اسلام آباد: موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور امریکی سفیر رچرڈ اولسن کے درمیان ملاقات پرقیاس آرائیوں نے جنم لیا ہے۔

اگست میں یہاں ریڈ زون میں شروع ہونے والے احتجاجی دھرنے کے بعد پہلی مرتبہ عمران خان اور امریکی سفیر کے درمیان ملاقات ہوئی۔

اہم بات یہ ہے کہ عمران خان کی بنی گالہ میں واقع رہائش گاہ پر یہ ملاقات ایسے وقت ہوئی جب پی ٹی آئی 30 نومبر کو اسلام آباد میں بڑی سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے جا رہی ہے۔

سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ 30 نومبر کے جلسےسے عمران کی احتجاجی مہم کا اگلا مرحلہ شروع ہو جائے گا۔

پی ٹی آئی کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ہفتہ کو ہونے والی ملاقات امریکی سفیر کی درخواست پر ہوئی۔

دونوں جانب سے ملاقات کو معمولی قرار دیتے ہوئے اس کی اہمیت کو کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ملاقات سے آگاہ ایک امریکی ذرائع نے اسے' کرٹسی کال' اور سفیر کی سیاست دانوں سے ملاقاتوں کا ایک حصہ قرار دیا۔

پی ٹی آئی کی سیکریٹری اطلاعات شیریں مزاری نے صحافیوں کو بتایا کہ ملاقات کا کوئی خاص ایجنڈا نہیں تھا۔

ایک ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دوسرے معاملات کے علاوہ 30 نومبر کے جلسہ پر بھی بات چیت ہوئی۔

عمران خان نے الیکشن میں دھاندلی پر پارٹی پوزیشن واضح کرتے ہوئےاپنی موجودہ تحریک کی تفصیلات بتائیں۔

تاہم مبصرین ملاقات کو بہت اہم قرار دے رہے ہیں کیونکہ جمعہ کو امریکی صدر بارک اوباما اور وزیر اعظم نواز شریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جبکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف ان دنوں امریکی دورہ پر ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں