عمران خان کی کال پر پاکستان بند نہیں ہوگا، خورشید شاہ

01 دسمبر 2014
قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف سید خورشید شاہ —۔ڈان نیوز اسکرین گریب
قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف سید خورشید شاہ —۔ڈان نیوز اسکرین گریب

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کی کال پر 16 دسمبر کو پاکستان بند نہیں ہوگا۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے گزشتہ روز اسلام آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اپنا 'پلان سی' پیش کیا تھا جس کے مطابق 16 دسمبر کو ملک 'بند ' کیا جائے گا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ 'وزیرِ اطلاعات پرویز رشید کا یہ بیان کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات نہیں کریں گے انتہائی غلط ہے، مسئلے کا سیاسی حل نکالا جائے'۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ سیاست میں مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے۔ 'عمران خان کی کال پر پاکستان بند نہیں ہوگا تاہم حکومت کو مذاکرات کرنے پڑیں گے'۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عمران خان کے ساتھ مذاکرات نہیں کرے گی تو اپنے لیے گڑھے کھودے گی۔

قائدِ حزبِ اختلاف کا کہنا تھا کہ حکومت اور عمران خان دونوں ریاست کو نقصان پہنچانے پر تلے ہوئے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے حوالے سے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے یہ معاملہ آج حل ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں :عمران خان کا 16دسمبر کو ملک ’بند‘ کرنے کا اعلان

تبصرے (0) بند ہیں