ارسلان افتخار نے بہت مال بنایا ، ہمارےپاس ثبوت ہیں، عمران خان

اپ ڈیٹ 24 جنوری 2015
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان—ڈان نیوز اسکرین گریب
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان—ڈان نیوز اسکرین گریب

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے بیٹے ارسلان افتخار پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بہت مال بنایا ہے اور ان کے پاس ثبوت موجود ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق بنی گالہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ ثابت کریں گے کہ دھاندلی کے پیچھے افتخار چوہدری اور جسٹس (ر) رمدے تھے اور وہ سابق چیف جسٹس کے خلاف مزید ثبوت لائیں گے۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ افتخارچوہدری نے انہیں عدالت ڈرانے کیلئے بلایا تھا، تاہم وہ عدالت کا سامنا کریں گے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر تحریک انصاف کا کوئی رکن قومی اسمبلی میں گیا تو اسے پارٹی سے نکال دیا جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت جوڈیشل کمیشن سے ڈر رہی ہے کیوں کہ وہاں آر او سے سوال ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کہتی ہے کہ ٹریبونل کے فیصلے جوڈیشل کمیشن میں نہیں رکھ سکتے، حکومت کا یہ مطالبہ تسلیم نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کیلیے حکومت اور اپنا ڈرافٹ قوم کے سامنے رکھیں گے۔

عمران خان نے ایک مرتبہ پھر احتجاج کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم سڑکوں پر نکلیں گے، ہمارے پاس اسٹریٹ پاور ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس دن ملک بند کرنے کا فیصلہ کرلیا، ن لیگ کے لیے حکومت کرنا مشکل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے تمام حلقے کھولنے کے لیے تیار ہیں، وہاں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی۔

عمران خان نے اس موقع پر رواں سال کو الیکشن کا سال قرار دیا۔  

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

الیاس انصاری Jan 24, 2015 08:53pm
افتخار چوہدری صاحب (میری رائے میں) پاکستانی عدلیہ کے ہیرو نہیں ولن ہیں
Israr Muhammad Khan Jan 25, 2015 12:50am
عمران یہ تم تھے جنہوں نے عدلیہ کی نگرانی میں انتخابات پر زور دیا تھا ورنہ چودھری افتخار نے 2009 میں عدلیہ پر الیکشن نگرانی پر پابندی لگائی تھی تم اور تمھاری پارٹی نے 2013 کے الیکشن سے پہلے چودھری افتخار سے درخواست کی کہ عدلیہ کو الیکشن نگرانی کی اجازت دیں اج تم کس منہ کہتے ھو کہ عدلیہ دھاندلی میں ملوث تھی اج تک تم ایک بھی ثبوت پیش نہ کرسکے ھو نہ تمھارے پاس گواہ ھے نہ ثبوت صرف الزام لگاتے آرہے ھو تمہیں دھاندلی فوبیا ھوگیا ھے جہاں جہاں تم جیتے ھو وہاں الیکشن درست تھا جیسا کہ تم پختونحوا کے بارے میں کہتے ھو یہ دہرا معیار ھے