'انسداد دہشت گردی فورس کا مقصد شہریوں کو تحفظ کا احساس'

اپ ڈیٹ 31 جنوری 2015
وزیر اعظم نواز شریف اورآرمی چیف جنرل راحیل شریف —۔فائل فوٹو/ پی پی آئی
وزیر اعظم نواز شریف اورآرمی چیف جنرل راحیل شریف —۔فائل فوٹو/ پی پی آئی

لاہور: وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خاتمے کا وقت قریب آگیا ہے اور پوری قوم اس ناسورکو اپنی سرزمین سے کاٹ پھینکنے کے لیے تیار ہے۔

لاہور میں ایلیٹ پولیس ٹریننگ اسکول میں انسداد دہشت گردی فورس کی پہلی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کے موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے اور ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔

گزشتہ روز شکار پور کی امام بارگاہ میں خود کش حملے کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس واقعے نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ہمراہ جلد کراچی اور کوئٹہ کا دورہ کریں گے، جہاں سیاسی وعسکری قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی۔

انسداد دہشت گردی فورس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ فورس کے ہاتھوں کوئی مجرم نہیں بچنا چاہیے اور وہ آرمی چیف کے ممنون ہیں کہ انہوں نے انسداددہشت گردی فورس کی تربیت میں دلچسپی لی۔ 'دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ ہے'۔

وزیراعظم نواز شریف نے بتایا کہ انسداد دہشت گردی فورس کو جدید ہتھیاروں اور آلات سے لیس کیا جائے گا اور کوشش ہوگی کہ شہریوں کو تحفظ کا احساس دلایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی آئندہ نسلوں کی بقاء کا مسئلہ ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر حال میں جیتنی ہے۔

دیگر مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے ساتھ ساتھ توانائی کا بحران بھی درپیش ہے، لیکن جب قوم متحد ہو تو کسی چیلنج سے نمٹنا مشکل نہیں۔

پاسنگ آؤٹ پریڈ کےبعدمیڈیا سے بات چیت میں وزیراعظم نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پولنگ بیگز میں دھاندلی کے ثبوت ہونے کا دعوی غلط نکلا اور بیگزکھلنے کے باوجود دھاندلی ثابت نہیں ہوئی بلکہ ایازصادق کی فتح برقراررہی۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ عسکری اور سیاسی قیادت مل کر دیر پا امن کے قیام کو ممکن بنائے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم پاکستان کو اس کا اصل مقام دلائیں گے اور انسداد دہشت گردی فورس ملک کو امن کا گہورہ بنائے گی۔

انسداد دہشت گردی فورس کے پہلے بیج میں 16خواتین سمیت 421 اہلکاروں نے تربیت حاصل کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں