ہر کامیاب ڈرامے کے بعد میڈیا نے میری شادی کروائی، شائستہ جبین
سینئر اداکارہ شائستہ جبین نے شکوہ کیا ہے کہ ان کے ہر کامیاب ڈرامے کے بعد میڈیا والوں نے ان کی شادی کی خبریں چلائیں، ہر بار ان کی شادی نئے شخص سے کروا دی جاتی۔
شائستہ جبین نے حال ہی میں ’سنو ٹی وی‘ کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ انہیں نیوز کاسٹر یا اناؤنسر ہونے کا شوق تھا لیکن دوران تعلیم ہی کسی ڈراما ہدایت کار نے انہیں اداکاری کی پیش کش کردی اور وہ نیوز کاسٹر نہ بن سکیں۔
ان کے مطابق ان کے والد ان کی عمری میں ہی انتقال کر گئے تھے جب کہ ان کے گھرانے کا کوئی بھی فرد شوبز کا حصہ نہیں رہا۔
شائستہ جبین کا کہنا تھا کہ انہیں اداکاری کی اجازت بھی مشکل سے ملی جب کہ انہوں نے ہر بار فلموں میں کام کی پیش کش مسترد کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہیں ڈانس نہیں آتا جب کہ وہ فلموں میں ہیرو سے رومانس نہیں کرنا چاہتی تھیں، اس لیے انہوں نے ہر بار فلموں میں کام کی پیش کش مسترد کی۔
ان کے مطابق وہ جس مرد کو جانتی نہیں، جس سے ان کا کوئی تعلق نہیں، اس سے فلم میں کیسے رومانس کرتیں؟ جب کہ فلموں کا رومانس بھی کچھ زیادہ ہی ہوتا ہے، اس لیے انہوں نے بڑی اسکرین پر کام سے انکار کیا۔
شادی سے متعلق سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ ان کی خواہش تھی کہ والدین اپنی مرضی سے ان کی شادی کرواتے لیکن والد جلد ہی انتقال کر گئے، جس وجہ سے ایسا نہ ہوسکا۔
ان کے مطابق والد کے انتقال کے وقت بہن اور بھائی چھوٹے تھے، گھر کی ذمہ داریاں سنبھالتے سنبھالتے وقت کیسے گزرا کچھ پتا ہی نہیں چلا اور ان کی شادی نہ ہوسکی۔
شائستہ جبین کا کہنا تھا کہ متعدد افراد اور رشتے داروں نے انہیں شادی کی پیش کش بھی کی لیکن انہوں نے اپنی ذمہ داریوں کی وجہ سے اس وقت شادی سے انکار کیا، جس وجہ سے انہیں شادی کی پیش کش کرنے والے رشتے دار بھی ان سے ناراض ہوئے۔
اسی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے شکوہ کیا کہ اگرچہ حقیقی زندگی میں ان کی شادی نہیں ہوئی لیکن میڈیا نے بار بار اور متعدد بار ان کی شادیاں کروائیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے ہر کامیاب ڈرامے کے بعد میڈیا والے ان کی شادی کی خبر لگا دیتے اور دعویٰ کرتے کہ اب اداکارہ نے کسی کاروباری شخص سے شادی کرلی، کبھی کبھار سیاست دان اور کبھی کسی اداکار سے شادی کروا دی جاتی۔
شائستہ جبین کے مطابق ماضی کے مقبول جریدے ’اخبار جہاں‘ نے بھی ان کی شادی کی جھوٹی خبریں شائع کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے ہر کامیاب ڈرامے کے بعد ان کی شادی کی خبر لگا دی جاتی اور متعدد بار ان کی شادی کی خبریں لگائی گئیں۔