نیویارک: فیس بک موت کے بعد صارفین کو اپنی آن لائن زندگی کی منصوبہ بندی آسان بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے۔

دنیا کی سب سے بڑی سماجی رابطے کی ویب سائیٹ نے جمعرات کو بتایا کہ اب صارفین موت کے بعد اپنا اکاؤنٹ چلانے کیلئے کسی دوسرے شخص کو منتخب کر سکیں گے۔

اس سے پہلے موت کے بعد اکاؤنٹ یا تو 'محفوظ' کر دیے جاتے تھے یا پھر انہیں لاک کر دیا جاتا تھا تاکہ کوئی لاگ ان نہ ہو سکے۔

تاہم، اب فیس بک کا کہنا ہے کہ صارفین کے پاس اس حوالے سے کئی آپشن موجود ہوں گے۔

فیس بک کے امریکا میں موجود صارفین موت کے بعد اپنے پیچ پر پوسٹ کرنے، نئی فرینڈ ریکوئسٹ کا جواب دینے، پروفائل اور کور تصویر بدلنےکیلئے کسی کومنتخب کر سکیں گے۔

اس کے علاوہ صارفین اگر چاہیں تو موت کے بعد ان کے اکاؤنٹ ختم بھی کیے جا سکیں گے۔

اگر آپ چاہتے ہیں کہ موت کے بعد کوئی آپ کا پیج چلائے تو آپ کو پیج کے دائیں جانب سب سے اوپر سیکورٹی سیٹنگز میں تبدیلیاں کرنا ہوں گی۔

امریکی صارف سکیورٹی سیٹنگز میں کسی بھی فیس بک صارف کو اپنا پیج چلانے کا اختیار دینے کے ساتھ ساتھ موت کے بعد اپنا اکاؤنٹ ختم کرنے کا آپشن بھی منتخب کر سکتے ہیں۔

آپ کے منتخب کردہ صارف کو آپ کا اکاؤنٹ 'محفوظ' بنائے جانے تک مطلع نہیں کیا جائے گا، لیکن اگر آپ چاہیں تو انہیں بروقت پیغام کے ذریعے مطلع کیا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ کسی بھی صارف کے مرنے پر ان کے اہل خانہ فیس بک پیج 'محفوظ' بنانے کی درخواست کرتے ہیں، تاہم ان کیلئے ضروری ہے کہ وہ صارف کی موت کا کوئی ثبوت فراہم کریں۔

1.4 ارب صارفین رکھنے والے فیس بک نے یہ نہیں بتایا کہ اب تک کتنے اکاؤنٹس 'محفوظ' بنائے جا چکے ہیں۔

تاہم، فیس بک کی پروڈکٹ مینیجر ونیسا کیلیسن کا کہنا ہے کہ ویب سائیٹ کو اب تک ایسی 'لاکھوں درخواستیں' موصول ہو چکی ہیں۔ اے پی

تبصرے (0) بند ہیں