'پاکستانی کشتی تباہ کرنے کا حکم نہیں دیا'
نئی دہلی: ہندوستانی کوسٹ گارڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل بی کے لوشالی نے ہندوستانی اخبار انڈین ایکسپریس میں شائع ہونے والے خود سے منسوب اس بیان کی تردید کردی ہے ، جس کے مطابق بحیرہ عرب میں پاکستانی ماہی گیروں کی کشتی کو اڑانے کا حکم انھوں نے دیا تھا۔
بدھ کو ہندوستانی اخبار انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ہندوستانی کوسٹ گارڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل بی کے لوشالی نے اعتراف کیا ہے کہ بحیرہ عرب میں پاکستانی کشتی ان کے حکم پر دھماکے سے اڑائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ ہندوستانی وزارت دفاع نے الزام لگایا تھا کہ 31 دسمبر اور یکم جنوری کی درمیانی شب بحیرہ عرب میں پاکستانی ماہی گیروں کی ایک کشتی نے ہندوستانی نیوی کی جانب سے پکڑے جانے کے خطرے کے پیش نظر خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑالیا، جس کے نتیجے میں پاکستانی کشتی میں موجود تمام چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
مزید پڑھیں:نیوی کے تعاقب پر پراسرار ’پاکستانی‘ کشتی تباہ: ہندوستان
ہندوستانی وزارت دفاع کا صرف یہ کہنا تھا کہ انہیں شبہ ہے کہ یہ کشتی کسی ’مشکوک سرگرمی‘ میں ملوث تھی تاہم انڈین میڈیا نے اس معاملے کو بہت بڑھا چڑھا کر پیش کیا۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق کوسٹ گارڈ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل بی کے لوشالی، (جو شمال مغربی ریجن کے چیف آف اسٹاف بھی ہیں) نے حکم دیا تھا کہ 'کشتی کو اڑادو، ہم انھیں (پاکستانیوں کو) بریانی نہیں کھلانا چاہتے'۔
کوسٹ گارڈ اور دیگر افسران کے سامنے ایک بوٹ کی افتتاحی تقریب میں بی کے لوشالی نے کہا 'آپ کو 31 دسمبر کی وہ رات یاد ہے جب ہم نے پاکستانی ماہی گیروں کی کشتی کو دھماکے سے اڑایا تھا۔ میں اس وقت گاندھی نگر میں تھا اور میں نے ہی یہ حکم دیا تھا کہ کشتی کو اڑا دو۔ ہم انھیں بریانی نہیں کھلانا چاہتے'۔
لوشالی نے مزید کہا کہ 'مجھے لکھی ہوئی تقریر دی گئی تھی، لیکن مین اپنے دل کی بات کہوں گا'۔
اس خبر کے شائع ہوتے ہی بی کے لوشالی کی جانب سے جاری کیے گئے تردیدی بیان میں کہا گیا کہ انھوں نے صرف یہ کہا تھا کہ ہم ملک دشمن عناصر کو بریانی نہیں کھلانا چاہتے اور ان کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جانا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے حکم دینے کے مجاز نہیں تھے، بلکہ اس کی نگرانی شمال مغربی ریجن کے کوسٹ گارڈ کمانڈر کر رہے تھے۔ انھوں نے ایسا کوئی حکم نہیں دیا اوروہ اپنی بات پر قائم ہیں کہ کوسٹ گارڈ نے نہیں بلکہ ماہی گیروں نے اپنی کشتی کو خود دھماکے سے اڑایا۔
|
خیال رہے کہ ہندوستانی وزارت دفاع کے اعلامیے کے مطابق انڈین کوسٹ گارڈز کے ایئر کرافٹس اور جہازوں نے گجرات کے ساحل سے تقریباً 365 کلو میٹر دور اس کشتی کا راستہ روکنے کی کوشش کی تاہم اس نے اپنی رفتار بڑھادی جس پر ہندوستانی فورسز نے ایک گھنٹے تک کشتی کا تعاقب کیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ ہندوستانی فورسز کی جانب سے وارننگ شاٹس کے بعد کشتی رک گئی اور کشتی میں موجود چاروں افراد نے خود کو کشتی کے ڈیک کے نیچے چھپالیا جس کے بعد دھماکا ہوگیا، تاہم اندھیرے، خراب موسم اور تیز ہواؤں کے باعث کشتی میں موجود افراد کو بچایا نہیں جاسکا اور کشتی اسی مقام پر ڈوب گئی۔












لائیو ٹی وی
تبصرے (2) بند ہیں