عمران فاروق قتل: نثار کا گورنر سندھ سے رابطہ
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں ایم کیو ایم رہنما عمران فاروق کے قتل کیس سے متعلق بات چیت کی گئی۔
وزارت داخلہ کے ترجمان سرفراز حسین نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر داخلہ نے گورنر سندھ کو عمران فاروق قتل کیس میں اب تک کی پیش رفت پر اعتماد میں لیا۔
چوہدری نثار نے ڈاکٹر عشرت العباد کو برطانوی ہائی کمشنر ایچ سی فلپ بارٹن سے ہونے والی ملاقات سے بھی آگاہ کیا۔
گورنر سندھ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ڈاکٹر عمران فاروق کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے اور اس سلسلے میں ہر ممکن کوششیں کی جانی چاہئیں۔
وفاقی وزیر داخلہ اور گورنر سندھ کے درمیان سندھ میں امن و امان کی صورتحال بھی زیرِ بحث آئی۔
گزشتہ روز چوہدی نثار علی خان نے کہا تھا کہ برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات پہلے سے طے شدہ تھی اور اس میں الطاف حسین کی پیشی سے متعلق کوئی گفتگو نہیں کی گئی۔
یاد رہے کہ برطانوی ہائی کمشنر اور وزیرداخلہ کی ملاقات اسی روز ہوئی تھی جب الطاف حسین اپنی ضمانت کے سلسلے میں لندن پولیس کے سامنے پیش ہوئے۔
وزیرداخلہ کے مطابق یہ محض اتفاق تھا کہ یہ دونوں واقعات ایک ہی دن ہوئے۔
انھوں نے بتایا تھا کہ برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات میں عمران فاروق قتل کیس میں معلومات کا تبادلہ کیا گیا ہے البتہ پاکستان اور برطانیہ میں تحویل مجرمان کا معاہدہ نہیں ہے۔
یاد رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما عمران فاروق کو 16 ستمبر 2010 کو لندن میں گرین لین کے علاقے میں اس وقت قتل کیا گیا تھا جب وہ کام سے گھر کی طرف آ رہے تھے، ڈاکٹر عمران فاروق نے 1999 سے برطانیہ میں خود ساختہ جلاوطنی اختیار کی ہوئی تھی۔
جون 2013 میں عمران فاروق کو قتل کرنے کے جرم میں دو پاکستان نژاد افراد کو لندن میٹرو پولیٹن پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
مزید پڑھں:عمران فاروق قتل کیس: معظم علی رینجرز کے حوالے
جبکہ رواں ہفتے کراچی کے علاقے عزیز آباد سے گرفتارکیے گئے تیسرے ملزم معظم علی کو 90 روز کے ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کردیا گیا۔
معظم علی پرعمران فاروق کے مبینہ قاتلوں کو مالی اورلاجسٹک مدد فراہم کرنے کا الزام ہے۔












لائیو ٹی وی