پاک چین کوریڈور، روٹ کی تبدیلی پر کے پی وفاق پر برہم

23 اپريل 2015
خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک  — فائل فوٹو
خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک — فائل فوٹو

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے وفاقی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان اور چین کے درمیان نئے قائم کئے جانے والے اقتصادی کوریڈور کے پروجیکٹ کو ریجنل پلان کے مطابق تعمیر نہ کیا گیا تو وہ اس کے خلاف احتجاج کے لیے ہر فورم کا استعمال کریں گے۔

یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے مذکورہ پروجیکٹ کے حوالے سے چین کے ساتھ ہونے والے معاہدوں اور یاداشتوں کی تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی جانب سے پاک چین اقتصادی کوریڈور پروجیکٹ کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے پلاننگ کمیشن اور دیگر اہم اداروں سے رابطہ کیا گیا تاہم وہ تفصیلات حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

وفاقی حکومت کے مذکورہ رویئے کے خلاف مشترکہ مفادات کونسل کی عدالت یا احتجاج کے شروع کرنے کے سوال پر پرویز خٹک نے کہا کہ وہ تمام طریقے اختیار کریں گے اور اس مسئلے پر تمام سیاسی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ گوادر سے کاشغر تک اقتصادی کوریڈور کا منظور شدہ راستہ ڈیرہ اسماعیل خان سے ہو کر گزرتا ہے تاہم خیبر پختونخوا کا یہ حصہ کوریڈور کی تعمیر کے نظرثانی شدہ نقشے سے نکال دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان سے بھی کچھ ایسا ہی برتاؤ روا رکھا جارہا ہے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ وفاقی حکومت نے مذکورہ پروجیکٹ کے لئے ورکنگ گروپ تشکیل دیا تھا تاہم اس میں بھی خیبر پختونخوا کی نمائندگی شامل نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ 'تمام عمل کےدوران ورکنگ گروپ کی تشکیل اور ناہی اس کی مشاورت میں کے پی حکومت کو شامل کیا گیا'۔

پرویز خٹک نے شکوہ کیا کہ نئے منصوبے کے تحت 8 نئے صنعتی زون قائم کیے جائیں گے، لیکن ان میں سے ایک بھی کے پی میں نہیں بنایا جارہا۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کو پسماندہ رکھنے کی کوششیں کی جارہی ہے اور چین سے ہونے والے معاہدوں سے صرف ایک صوبے (پنجاب) کو فائدہ حاصل ہوگا۔

وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ معاہدوں میں چھوٹے صوبوں کو بھی آن بورڈ لیا جائے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Shah Apr 23, 2015 08:35am
Ruler Party is from Punjab that’s way all benefits will go toward Punjab, all other states will get only verbally lollipop by Shehbaz sharif , pay back by entire Pakistan to China