• KHI: Clear 24.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.4°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.6°C
  • KHI: Clear 24.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.4°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.6°C

نیپال زلزلہ: ہلاکتیں 5000 سے زائد، حکام

شائع April 28, 2015

کھٹمنڈو: نیپال میں ہفتے کو آنے والے شدید ترین زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 4,300 سے زائد ہوگئی ہے جبکہ ساڑھے 7 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔

7.9 شدت کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں سے لوگ بڑی تعداد میں نقل مکانی کرکے محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہورہے ہیں۔

زلزلے کے مزید آفٹرشاکس سے خوفزدہ نیپالی عوام کھٹمنڈو سے منتقلی کے لیے بس اڈے پر جمع ہیں—۔فوٹو/اے ایف پی
زلزلے کے مزید آفٹرشاکس سے خوفزدہ نیپالی عوام کھٹمنڈو سے منتقلی کے لیے بس اڈے پر جمع ہیں—۔فوٹو/اے ایف پی

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس شدید ترین زلزلے نے نیپال کو تو ہلا کر رکھ دیا اور ہر طرف تباہی و بربادی کے مناظر نظر آتے ہیں، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ ماؤنٹ ایورسٹ کی بلندی میں کوئی فرق نہیں آئے گا۔

یونیورسٹی آف کیمبرج ٹیکٹونکس کے ماہر جیمزجیکسن نے بتایا کہ زلزلہ پیما کے ابتدائی اعدادو شمار (سیسمولوجیکل ڈیٹا) کے مطابق نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو کے نیچے سے زمین تقریباً 3 میٹرز (دس فٹ) تک کھسک گئی ہوگئی۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ یہ کہنا زیادہ آسان ہوگا کہ نیپال تین میٹر کے فاصلے پر منتقل ہوگیا ہوگا۔

واضح رہے کہ زلزلے کے نتیجے میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماﺅنٹ ایورسٹ میں بھی برفانی تودے گرنے کے نتیجے میں کم از کم 18 کوہ پیما ہلاک اور 61 زخمی ہوگئے تھے جبکہ رپورٹس کے مطابق ماؤنٹ ایورسٹ میں قائم بیس کیمپس کا نام و نشان مٹ چکا ہے۔

ماؤنٹ ایورسٹ بیس کیمپ—۔فوٹو/ رائٹرز
ماؤنٹ ایورسٹ بیس کیمپ—۔فوٹو/ رائٹرز

زلزلے سے متاثرہ عمارتوں کے ملبے تلے بہت سے لوگ پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کی کوششیں جاری ہیں ۔ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف کے مطابق متاثرہ علاقوں میں خوراک اور پانی کی قلت ہے، جبکہ خراب موسم اور سڑکیں تباہ ہونے کے نتیجے میں امدادی کارروائیوں میں بھی رکاوٹ پیش آ رہی ہے۔

شدید زلزلے کے بعد آفٹرشاکس کی وجہ سے لوگوں نے اپنے گھروں میں جانے سے گریز کیا اور ہزاروں افراد کھلے آسمان تلے پارکوں اور خیموں میں مقیم ہیں، جس کے باعث وبائی بیماریاں پھیلنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

آفٹر شاکس کے باعث لوگ رات کھلے آسمان تلے بسر کر رہے ہیں—۔فوٹو/رائٹرز
آفٹر شاکس کے باعث لوگ رات کھلے آسمان تلے بسر کر رہے ہیں—۔فوٹو/رائٹرز

ایک خیمے میں مقیم 70 سالہ سانو رانجیتکر نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ ایک بھیانک خواب ہے، یہ آفٹرشاکس رک کیوں نہیں جاتے؟'

نیپال آرمی کے ترجمان ارون نیوپانے کا کہنا ہے کہ اس موقع پر زلزلے جیسے بڑے سانحے کے بعد وبائی بیماریوں سے بچنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔

نیپال کے زلزلے سے متاثرہ علاقے میں امدادی آپریشن بھی جاری ہے، جبکہ ہمسایہ ممالک کی جانب سے امدادی سامان بھی نیپال پہنچایا گیا ہے۔

امریکا، یورپ اور ایشیا کے کئی ممالک کی جانب سے ماہرین پر مشتمل ایمرجنسی ٹیمیں بچ جانے والے افراد کی تلاش کے لیے نیپال پہنچ گئی ہیں۔

جبکہ پاکستان سے بھی ماہرین کی ٹیم امدادی سامان، خوراک، جدید آلات اور 30 بیڈ کا ایک ہسپتال لے کر سی ون تھرٹی طیاروں کے ذریعے نیپال پہنچی۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025