پاکستان کامیابی کا تسلسل برقرار رکھنے کا خواہاں

25 مئ 2015
لاہور: اظہرعلی اور ایلٹن چگمبرا ون ڈے سیریز سے پہلے۔ — اے ایف پی
لاہور: اظہرعلی اور ایلٹن چگمبرا ون ڈے سیریز سے پہلے۔ — اے ایف پی

لاہور: پاکستان، زمبابوے کے خلاف منگل سے شروع ہونے والی تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں اپنا جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کرے گا۔

میزبان ٹیم نے لاہور کے پرہجوم قذافی سٹیڈیم میں زمبابوے کو سخت مقابلے کے بعد دونوں ٹی ٹوئنٹی میں شکست دی تھی۔

بنگلہ دیش میں تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کا سامنے کرنے والے نئے کپتان اظہر علی کہتے ہیں’ہمارا ہدف تینوں میچوں میں کامیابی ہے‘۔

ورلڈ کپ کے اختتام پر ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے مصباح الحق کے بعد کپتانی سنبھالنے والے اظہر نے کہا ’ملک میں عالمی کرکٹ کی واپسی پر اتنے زیادہ جوش و خروش سے ہمیں بنگلہ دیش میں شکست بھلانے میں مدد ملے گی‘۔

’بنگلہ دیش میں ہارنا مایوس کن تھا لیکن ہم مستقبل کیلئے ٹیم بنا رہے ہیں اور ہم بنگلہ دیش میں ہوئی غلطیوں سے سبق سیکھنے کی کوشش کریں گے‘۔

تیس سالہ مڈل آرڈر بلے باز نے کہا کہ مصباح اور شاہد آفریدی کے متبادل تیار کرنے میں وقت لگے گا۔

’جب آپ اس پائے کے کھلاڑیوں کی مزید خدمات حاصل کرنے سے قاصر ہوں تو ان کے متبادل تیار کرنے میں وقت لگتا ہے‘۔

اظہر نے کہا کہ وہ زمبابوے کو ہرگز کمزور ٹیم کے طور پر نہیں لیں گے۔

دوسری جانب، زمبابوے کے کپتان ایلٹن چگمبرانے بتایا کہ ان کی بیٹنگ لائن اچھی ہے لیکن فیلڈنگ اور باؤلنگ کمزور۔’اگر ہم ان دونوں شعبوں کو بھی بہتر بنا لیں تو یقیناً میچ جیتنے لگیں گے‘۔

زمبابوے کو سیریز میں مایہ ناز بلے باز برینڈن ٹیلر کی کمی ضرور محسوس ہو گی جنہوں نے انگلینڈ کاؤنٹی ناٹنگھم شائر سے تین سالہ معاہدہ کرنے کیلئے عالمی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

حالیہ ورلڈ کپ میں 72.16 کی اوسط سے 433 رنز بنا کر وہ زمبابوے کے بہترین بلے باز ثابت ہو ئے تھے۔

چگمبرا تسلیم کرتےہیں کہ ٹیلر اور تندائی چتارا کی کمی محسوس ہو گی لیکن وہ اس کمی کو پورا کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔

’ہماری کوشش ہو گی کہ ہم ورلڈ کپ کے تسلسل کو برقرار رکھیں اور جن چیزوں میں ہم کمزور ہیں ان میں ایک سے دو فیصد بہتری لائیں‘۔

توقع ہے کہ فلو کی وجہ سے دونوں ٹی ٹوئنٹی مقابلوں سے باہر رہنے والے مڈل آرڈر بلے بازکریگ اروِن سیریز کھیلیں گے۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 48 میچ ہو چکےہیں جن میں 43 پاکستان جبکہ تین زمبابوے نے جیتے۔

ون ڈے سیریز کے مقابلے 26،29 اور 31 مئی کو ہوں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں