'پاکستان مخالف کارروائیوں سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے'

اپ ڈیٹ 30 مئ 2015
وزیراعظم نے کہا کہ خوشحال پاکستان کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ دہشت گردی اور شدت پسندی ہے۔تصویر بشکریہ آئی ایس پی آر ترجمان۔
وزیراعظم نے کہا کہ خوشحال پاکستان کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ دہشت گردی اور شدت پسندی ہے۔تصویر بشکریہ آئی ایس پی آر ترجمان۔

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے اسلام آباد میں واقع آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جس کے دوران ہندوستانی قیادت کی جانب سے حالیہ بیانات اور اندرونی و بیرونی سیکیورٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ڈی جی آئی ایس آئی نے وزیراعظم اور آرمی چیف کو ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورت حال اور انسداد دہشت گردی کے آپریشنز کے حوالے سے آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران انٹیلیجنس پر مبنی حالیہ آپریشنز، دہشت گردوں کے نیٹ ورک پکڑے جانے اور متعدد دہشت گردی کے واقعات کے بچاؤ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر انسداد دہشت گردی کے لیے آئی ایس ائی کے اقدامات کو سراہا اور ان اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کے نظرانے پیش کیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اپنی سب سے بہترین انٹیلیجنس ایجنسی پر فخر ہے اور وہ تعریف کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خوشحال پاکستان کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ دہشت گردی اور شدت پسندی ہے۔ انہوں نے ملک میں عدم استحکام پھیلانے والی غیر ملکی ایجنسیوں کی کاررائیوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر ایجنسیوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا تاکہ تمام خطرات سے بہتر انداز میں نمٹا جاسکے۔

نواز شریف نے ہندوستانی قیادت کے حالیہ بیانات پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان مخالف کارروائیوں سے نمنٹنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم کے ساتھ وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں