نوڈلز تنازع: امیتابھ، مادھوری، پریتی مشکل میں

اپ ڈیٹ 02 جون 2015
امیتابھ بچن اور مادھوری ڈکشٹ۔ — فائل فوٹو
امیتابھ بچن اور مادھوری ڈکشٹ۔ — فائل فوٹو

میگی نوڈلز میں حفظان صحت کے اصولوں کی مبینہ خلاف ورزیوں پر نیسلے انڈیا اور 'ٹو منٹ‘ نوڈل برانڈ کی تشہیر پر بولی وڈ سٹارز امیتابھ بچن، مادھوری ڈکشٹ اور پریتی زنٹا کے خلاف ہندوستان کی ایک مقامی عدالت میں درخواستیں دائر کر دی گئیں۔

نیسلے انڈیا پر یوپی فوڈ سیفٹی اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ایس ڈی اے) جبکہ تینوں اداکاروں پر ایک مقامی ایڈوکیٹ نے درخواست دائر کی۔

ہندوستان کے خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق ایف ایس ڈی اے کو میگی کے نمونوں کے ٹیسٹ میں مقررہ حد سے زائد مقدار میں مونو سوڈیم گلیٹامیٹ اور لیڈ ملی تھی۔

ایف ایس ڈی اے نے یہ نمونے بڑا بنکی کے ’ایزی ڈے‘ سٹور سے حاصل کرنے کے بعد جانچ کیلئے بھجوا دیے تھے۔

ٹیسٹ کے دوران معلوم ہوا کہ نمونوں میں لیڈ مقررہ حد سے 17 گنا زیادہ خطرناک تعداد میں موجود تھی۔

یونین کنزیومر افیئرز منسٹری نے ’فوڈ سیفٹی سٹنڈرڈز اتھارٹی‘ سے بھی معاملہ دیکھنے کو کہا ہے۔

ادھر، ایک مقامی ایڈوکیٹ نے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں ’عوام کی صحت کیلئے نقصان دہ‘ میگی نوڈلز کی تہشیر پر تینوں بولی وڈ سٹارز کے خلاف درخواست دائر کی۔

ابھی تک کمپنی نے مقدمہ ہونے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

مقامی ایڈوکیٹ نے میڈیا کو بتایا کہ تینوں اداکاروں نے ٹی وی اشتہاروں میں دعویٰ کیا تھا کہ یہ نوڈلز صحت کے لیے اچھے ہیں۔

انہوں نے کہا تینوں سٹارز نے نوڈلز کو اچھا قرار دینے کیلئے بھاری معاوضہ وصول کیا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ’بد نیتی پر مبنی ان غلط اشتہاروں کےذریعے ملک کے بچوں اور نوجوان نسل کی صحت کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کی گئی‘۔

تبصرے (0) بند ہیں