نامور گلوکار عاطف اسلم کی اپنی اہلیہ کے ساتھ بھارتی بزنس مین مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی سے پہلے کی تقریب میں شرکت کی افواہیں اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی۔

ایشیا کے امیر ترین بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی اور رادھیا مرچنٹ کی شادی سے پہلے کی تقریبات کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے، دونوں 12 جولائی 2024 کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

گرینڈ تقریبات کا آغاز مارچ میں بھارت کے شہر جام نگر سے ہوا تھا، جس میں نامور بولی وڈ ستاروں نے بھی شرکت کی تھی۔

شادی کی تقریبات کا دوسرا مرحلہ اب لندن میں شروع ہوچکا ہے، لیکن اس تقریب کی تفصیلات انتہائی نجی رکھی گئی ہیں۔

سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کررہی ہیں کہ لندن میں ہونے والی تقریب میں پاکستان کے نامور گلوکار عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان بھی پرفارم کررہے ہیں۔

عاطف اسلم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی اہلیہ کے ساتھ دلکش تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا تھا ’the night to remember‘ (نہ بھلائے جانے والی رات)

عاطف اسلم کی خوبصورت جیکٹ کے پیچھے انگریزی کا حروف A,A بھی لکھا ہوا تھا، تاہم انہوں نے یہ بات واضح نہیں کی کہ وہ کس تقریب میں شرکت کررہے ہیں۔

بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ اننت امبانی کی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جارہے ہیں۔

سوشل میڈیا پپلیٹ فارمز پر عاطف اسلم کی اہلیہ کے ساتھ بولی وڈ اسٹار رنویر سنگھ کے ساتھ لی گئی تصویر بھی وائرل ہورہی ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اننت امبانی کی شادی کی تقریب میں بولی وڈ اسٹارز بھی موجود ہیں۔

تاہم ابھی تک گلوکار یا کسی آفیشل میڈیا آؤٹ لیٹ کی جانب سے اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ وہ واقعی اننت امبانی کی شادی میں شرکت کے لیے لندن روانہ ہوئے ہیں۔

یہاں یہ بات واضح رہے کہ اپریل 2023 میں دبئی میں اننت امبانی کی 28ویں سالگرہ کی تقریب میں بھی راحت فتح علی خان اور اننت امبانی نے سماں باندھا تھا۔

راحت فتح علی خان نے بولی ووڈ کی کامیاب فلم ’باڈی گارڈ‘ کا گانا ’تیری میری‘ گایا۔

واضح رہے کہ اننت امبانی کی گزشتہ سال معروف بھارتی بزنس مین ویرن مرچنٹ کی بیٹی رادھیکا سے منگنی ہوئی تھی اور جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

یاد رہے کہ مکیش امبانی کو ایشیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

مکیش امبانی 83.4 ارب ڈالر کی جائیداد کے ساتھ رواں سال دوسری بار ایشیا کے سب سے امیر شخص بنے، دنیا کے امیروں میں وہ 9ویں نمبر پر ہیں۔

فوربز کے مطابق مکیش امبانی کی ریلائنس انڈسٹریز (آر آئی ایل) گزشتہ سال 100 ارب ڈالر سے زیادہ کی انکم والی پہلی ہندوستانی کمپنی بن گئی ہے۔ اس کا کاروبار تیل، ٹیلی کمیونی کیشن سے لے کر ریٹیل سیکٹر تک پھیلا ہوا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں