پیسہ کمانے کے معاملے میں امیتابھ، سلمان میں ٹائی

اپ ڈیٹ 30 جون 2015
سلمان خان (بائیں) اور امیتابھ بچن (دائیں)—۔فوٹو: بشکریہ فوربز/اے ایف پی
سلمان خان (بائیں) اور امیتابھ بچن (دائیں)—۔فوٹو: بشکریہ فوربز/اے ایف پی

فوربز میگزین نے "دنیا کی سب سے زیادہ پیسے کمانے والی 100 شخصیات" کی فہرست جاری کردی ہے، فہرست میں بولی وڈ اداکار بھی اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

تاہم اس فہرست میں امیتابھ بچن اورسلمان خان کے مابین 71 ویں پوزیشن پر ساڑھے 33 ملین ڈالر کمائی کے ساتھ ٹائی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

دوسری جانب اکشے کمار نے ساڑھے 32 ملین ڈالر کے ساتھ فہرست میں 76 ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے، جبکہ ہندوستانی کھلاڑی مہیندرا سنگھ دھونی کا 82 واں نمبر ہے۔

گزشتہ برس کے برعکس اس مرتبہ یہ فہرست شخصیات کی قومیت کے بجائے ان کی کمائی کے لحاظ سے مرتب کی گئی ہے۔

تاہم یہاں یہ بیان کرنا دلچسپی سے خالی نہ ہوگا کہ بولی وڈ اداکاروں نے ہولی وڈ کے ٹاپ اداکاروں لیونارڈی ڈی کیپریو اور چیننگ ٹیٹم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جن کی کمائی 29 ملین ڈالر ہے۔

فوربز کے مطابق "یہ نتائج موجودہ انٹرٹینمنٹ کے میدان کی بالکل درست عکاسی کرتے ہیں جہاں بولی وڈ کے بڑے اداکاروں (سلمان خان اور امیتابھ بچن نے ساڑھے 33 ملین ڈالر کمائی کے ساتھ) ہولی وڈ کے 'اے' لسٹ اداکاروں لیونارڈی ڈی کیپریو اور چیننگ ٹیٹم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، جن کی کمائی 29 ملین ڈالر ہے"۔

مشہور شو 'کون بنے گا کروڑ پتی' کے میزبان اور 150 سے زائد فلموں میں کام کرنے والے امیتابھ بچن نے حال ہی میں فلم 'پیکو' میں اداکاری کے جوہر دکھائے، جس نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کردیئے۔

دوسری جانب سلمان خان بھی بولی وڈ کے میگا اسٹار شمار کیے جاتے ہیں جو اب تک 80 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں، جبکہ دبنگ خان کی فلم 'بجرنگی بھائی جان' رواں برس عید پر سینما گھروں کی زینت بننے والی ہے۔

ان کے ملبوسات کے برانڈ 'بینگ ہیومن' نے گزشتہ برس 30 ملین ڈالر کا بزنس کیا جس کی آمدنی چیریٹی فاؤنڈیشن کو عطیہ کردی گئی۔

تاہم اس فہرست میں اکشے کمار کی موجودگی حیران کن ہے ، جو پورے سال میں صرف 4 فلمیں کرتے ہیں۔ اکشے کی گزشتہ فلم "بے بی" تھی جس نے باکس آفس پر کچھ خاص بزنس نہیں کیا۔

دوسری جانب بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان کا نام اس فہرست میں موجود نہ ہونا واقعی حیرت انگیز ہے۔

باکسر فلوئیڈ مے ویدر 300 ملین ڈالر کے ساتھ سر فہرست ہیں، جبکہ ٹاپ ٹین کی لسٹ میں جگہ بنانے والی شخصیات میں 2 خواتین گلوکارائیں کیٹی پیری تیسرے جبکہ ٹیلر سوئفٹ 9 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں