جاسوس طیارہ تباہ، ہندوستانی ہائی کمشنر کی طلبی
اسلام آباد: پاکستان نے ہندوستان کے ہائی کمشنر ٹی سی راگھوان کو طلب کرکے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کے ساتھ ڈرون کے ذریعے جاسوسی پر شدید احتجاج کیا۔
یہ بھی پڑھیں : پاک فوج نے ہندوستانی ڈرون مار گرایا
ڈان نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ہندوستانی ہائی کمشنر ٹی سی راگھوان کو دفتر خارجہ میں طلب کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ہندوستانی ہائی کمشنر سے سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری اور دیگر حکام نے ملاقات کی۔
حکام نے ٹی سی راگھوان کو بتایا کہ ہندوستانی جاسوس طیارہ پاکستانی علاقے میں تصاویر حاصل کر رہا تھا۔
پاکستانی حکام کا کہنا تھا کہ اوفا ملاقات کے بعد ایسے واقعات خوشگوار ماحول کو متاثر کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں : ہندوستانی فورسز کی فائرنگ، پاکستانی شہری ہلاک
لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر بلااشتعال فائرنگ پر بھی شدید احتجاج کیا گیا۔
اس پر ہندوستانی ہائی کمشنر نے جواب دیا کہ ایل او سی پر اکنور سیکٹر پر پاکستان کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔
پاکستانی حکام نے کہا کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر ایسے واقعات روکنے کے لیے باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے۔
ہندوستانی ہائی کمشنر سے سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاک ہند وزرائے اعظم کی ملاقات کے بعد اب مثبت انداز میں آگے بڑھنا ہوگا۔
ویڈیو دیکھیں : ہندوستانی ڈرون پاکستانی سرحد پر تباہ
خیال رہے کہ گزشتہ شب پاک فوج نے لائن آف کنٹرول کے قریب پاکستانی حدود میں موجود ہندوستانی جاسوس طیارے کو مار گرایا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جاسوس طیارے کو لائن آف کنٹرول کے قریب بھمبر علاقے میں گرایا گیا، طیارہ فضا سے پاکستانی علاقوں کی فوٹو گرافی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
پاکستان اور ہندوستان کے درمیان گزشتہ کچھ ماہ سے سرحد پر کشیدگی ہے اور دونوں ہی ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کی فوج پر جنگ بندی کے معائدے کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔
گزشتہ دو روز میں بھی ہندوستانی افواج کی جانب سے پاکستانی علاقوں میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کا پاکستانی فورسز نے بھرپور جواب دیا۔












لائیو ٹی وی