آرمی چیف کیلئے برازیل کے 'آرڈر آف میرٹ' کا اعزاز

اپ ڈیٹ 25 نومبر 2015
آرمی چیف جنرل راحیل شریف —۔فائل فوٹو/ اے ایف پی
آرمی چیف جنرل راحیل شریف —۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو برازیل میں 'آرڈر آف میرٹ' اعزاز سے نوازا گیا ہے.

پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق آرمی چیف کو یہ اعزاز خطرات سے نمٹنے کی قائدانہ صلاحیتوں پر دیا گیا.

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق برازیل کی عسکری قیادت نے دہشت گردی کی خلاف جنگ میں جنرل راحیل شریف کو بھرپور کردار ادا کرنے پر سراہا۔

جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق جنرل راحیل شریف یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلی ایشیائی شخصیت ہیں۔

آئی ایس پی آر ترجمان کے مطابق جنرل راحیل شریف اور برازیل کے وزیر دفاع کے درمیان بھی ملاقات ہوئی، جس میں پاک-برازیل تعلقات، مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز اور تعاون بڑھانے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

عاصم سلیم باجوہ کے مطابق ملاقات میں برازیل میں ہونے والے اولمپکس 2016 کے دوران سیکیورٹی تعاون اور انسدادِ منشیات کے حوالے سے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے جیسے معاملات بھی زیر غور آئے۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف اِن دنوں برازیل کے سرکاری دورے پر ہیں۔

قبل ازیں جنرل راحیل شریف نے برازیل میں آرمی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا، جہاں اُن کی برازیل کی آرمی کے کمانڈر اور چیف آف جوائنٹ اسٹاف سے ملاقات ہوئی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورحال، پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیوں اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Anonymous Nov 25, 2015 04:41pm
... but what for? Brazil and terrorism... I won't buy this