عامر خان کا عالمی ٹائٹل کے لیے مقابلہ

04 فروری 2016
عامر خان شیفلڈ میں انگلینڈ انسٹیٹوٹ آف اسپورٹ میں ٹریننگ کررہے ہیں—فوٹو: اے ایف پی
عامر خان شیفلڈ میں انگلینڈ انسٹیٹوٹ آف اسپورٹ میں ٹریننگ کررہے ہیں—فوٹو: اے ایف پی

لندن: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامرخان رواں سال 7مئی کو ورلڈ باکسنگ کونسل (ڈبلیو بی سی) مڈل ویٹ لائٹ ٹائٹل کے لیے میکسیکو کے سول کنیلو الویریز کا سامنا کریں گے۔

اولمپک کے سابق سلورمیڈلسٹ اور لائٹ ویٹ عالمی چمپیئن 29 سالہ عامر پہلی دفعہ میکسیکن کھلاڑی کے مدمقابل ہوں گے جنھوں نے نومبر 2015 میں پورٹو ریکو کے باکسر میگوئیل کوٹو کو لاس ویگاس میں پوائنٹس کی بنیاد پر یادگار شکست دی تھی۔

25 سالہ باکسر الویریز نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ "عامر بہت سارے ٹائٹل جیتنے والے باکسر ہیں، دودفعہ کے عالمی چمپیئن اپنے کیرئر کے عروج پر ہیں اور مداح 7 مئی کو بڑا مقابلہ دیکھیں گے"۔

الویریز کو اب تک 48 میچوں کے کیرئر میں صرف ایک شکست ہوئی ہے اس کے علاوہ ان کا پورا کیرئر شاندار ہے جو امریکا کے سابق باکسر فلائیڈ مے ویدر کے بعد بہترین ریکارڈ ہے۔

عامر کے پاس 31-3 کامیابیوں کے ساتھ 19 ناک آؤٹ ریکارڈ ہے تاہم انھوں نے اپنا آخری مقابلہ گزشتہ سال مئی میں کیا تھا۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ"میں کینیلو الویریز کو جانتا ہوں وہ بہتر فائٹ کرتے ہیں اور میرے ساتھ مقابلے کے موقعے کو دوسرے لوگوں کی طرح ضائع نہیں کریں گے"۔

ان کا کہنا تھا کہ"میرا مقصد ہمشہ بڑے ناموں اور بہترین فائٹرز سے مقابلہ کرنا ہے اس لیے میں اس مقابلے کے لیے پرجوش ہوں"۔

یہ خبر 4 فروری کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں