• KHI: Partly Cloudy 27.2°C
  • LHR: Cloudy 19.3°C
  • ISB: Rain 14.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 27.2°C
  • LHR: Cloudy 19.3°C
  • ISB: Rain 14.8°C

'داعش کے وزیر جنگ ہلاک نہیں ہوئے'

شائع March 10, 2016

بیروت: شام میں انسانی حقوق کے حوالے سے کام کرنے والے ایک برطانوی مانیٹرنگ گروپ کا کہنا ہے کہ رواں ماہ شمال مشرقی شام میں امریکی فضائی کارروائی کے دوران شدت پسند تنظیم داعش کے اہم کمانڈر ابو عمر الشیشانی ہلاک نہیں بلکہ 'شدید زخمی' ہوئے تھے.

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق گروپ کا کہنا ہے کہ اس کے ذرائع کے مطابق شام کے قصبے الشدادی کے قریب 4 مارچ کو ہونے والی کارروائی میں شدت پسندوں کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں الشیشانی کا باڈی گارڈ ہلاک جبکہ وہ خود شدید زخمی ہوگئے.

گروپ کے ڈائریکٹر رمی عبد الرحمٰن نے اے ایف پی کو بتایا، 'ابو عمر الشیشانی ہلاک نہیں ہوئے'.

انھوں نے مزید بتایا کہ، 'الشیشانی کو صوبہ رقہ کے ایک ہسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا یورپ سے تعلق رکھنے والے ایک جہادی ڈاکٹر نے علاج کیا'.

گذشتہ روز سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق امریکا نے الشیشانی کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی تھی تاہم ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر دیگر 12 جنگجوؤں کے ساتھ الشیشانی کی بھی ہلاکت کا 'امکان' ظاہر کیا تھا.

مزید پڑھیں:شام: داعش کے 'وزیرِ جنگ' کی ہلاکت کا دعویٰ

ابو عمر الشیشانی، امریکا کو مطلوب عسکریت پسندوں کی فہرست میں شامل ہیں، جن کی اطلاع دینے پر 5 ملین ڈالر رقم کی پیشکش کی جاچکی ہے.

وہ روس میں بھی انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہیں.

کہا جاتا ہے کہ داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی، الشیشانی پر کافی بھروسہ کرتے ہیں.

الشیشانی کو پینٹاگون کی جانب سے داعش کا 'وزیرِ جنگ' قرار دیا گیا، جو شام اور عراق میں متعدد مقامات پر داعش کے جنگجوؤں کی سربراہی کرچکے ہیں.

پینٹاگون کا ماننا ہے کہ شام میں امریکا کی اتحادی افواج کے ہاتھوں شکست کے بعد الشیشانی کو داعش کی مدد کے لیے بھیجا گیا.

شام میں امریکا کی زمینی موجودگی نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کیے گئے آپریشنز کی کامیابی یا دیگر تفصیلات معلوم کرنے میں مشکلات درپیش آتی ہیں، اس کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ الشیشانی کی ہلاکت کی جھوٹی خبریں بھی کئی مرتبہ رپورٹ ہوچکی ہیں.

واضح رہے کہ داعش نے جون 2014 میں شام اور عراق میں وسیع رقبے پر قبضہ کرکے وہاں خود ساختہ خلافت کے قیام کا اعلان کیا تھا اور ابوبکر البغدادی کو اپنا خلیفہ مقرر کیا تھا۔

جس کے بعد امریکا نے اگست 2014 میں داعش کے خلاف فضائی حملوں کا سلسلہ شروع کیا تھا جس میں اب فرانس، جرمنی اور برطانیہ بھی شامل ہو چکے ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025