'ڈیرا ڈیرا منانا ورورا': سیمی کا جاوید آفریدی کو جواب
ممبئی: ہندوستان کو شکست دے کر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں پہنچنے والی ویسٹ انڈیز ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی نے پشتو میں مبارک باد دی تو سیمی کی جانب سے اس کا جواب بھی پشتو میں آیا۔
ممبئی کے وانکھیڈے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوسرے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈین ٹیم نے میزبان ہندوستان کے خلاف 193 رنز کا بڑا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنائی۔
ویسٹ انڈیز ٹیم 2012 کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ڈیرن سیمی کی قیادت میں ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چمپیئن بنی تھی۔
جاوید آفریدی نے ٹوئٹر پر سیمی کو اپنے پیغام میں کہا کہ پورے پاکستان کی جانب سے آپ کو بہت بہت مبارک ہو۔
ڈیرن سیمی نے اس کا جواب پشتو میں ہی دیا اور کہا کہ بہت بہت مہربانی بھائی۔
ڈیرن سیمی کو میچ میں باؤلنگ اور بیٹنگ کا موقع نہیں مل سکا تھا تاہم لینڈل سمنز نے 51 گیندوں پر 7 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 82 رنز کی اننگز کھیل کر ویسٹ انڈیز کو فائنل میں پہنچایا تھا۔
پی ایس ایل کی پہلی چمپییئن ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے آندرے رسل نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 43 رنز کی فتح گر اننگز کھیلی جس میں 3 چوکے اور 4 بلند وبالا چھکے بھی شامل تھے۔
پشاور زلمی کے کپتان شاہد آفریدی اور ٹیم نے بھی اپنے کھلاڑی کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں پہنچنے پر مبارک باد دی۔
پشاور زلمی کی ٹیم نے پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا تاہم فائنل تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہو سکی تھے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔











لائیو ٹی وی
تبصرے (2) بند ہیں