یونس خان پاکستان کپ چھوڑ کر کراچی روانہ
فیصل آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلے باز یونس خان، پاکستان کپ میں ناقص امپائرنگ کے خلاف احتجاج کرنے کے بعد میچ ریفری کی جانب سے جرمانہ عائد کرنے پر احتجاجی طورپر ٹورنامنٹ ادھورا چھوڑ کر کراچی کے لیے واپس روانہ ہوگئے۔
فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پاکستان کپ میں یونس خان خیبرپختونخوا (کے پی کے) کی قیادت کررہے تھے۔
کے پی کے ٹیم منیجر مختیار حسین نے ڈان نیوز سے گفتگو میں تصدیق کی کہ یونس خان پاکستان کپ ادھورا چھوڑ کر واپس کراچی جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یونس کا موقف ہے کہ موجودہ حالات میں کرکٹ کھیلنا ان کے لیے ممکن نہیں رہا اس لیے وہ پاکستان کپ چھوڑ کر پہلے لاہور جائیں گے اور وہاں سے کراچی کے لیے روانہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق یونس خان ٹورنامنٹ میں امپائر شوزب رضا سے خاص طور پر پریشان رہے جنہوں نے پہلے میچ میں مصباح الحق کو اس وقت آؤٹ قرار نہیں دیا تھا جب ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کی تین وکٹیں صرف 9 رنز پر گر گئی تھیں جس کے بعد مصباح نے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 82 رنز کی اننگز کھیل کر اسلام آباد کو کامیابی دلائی تھی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ یونس خان اپنے دوسرے میچ میں بھی امپائرنگ سے مایوس نظر آئے جبکہ میچ کے فوتھ امپائر راشد ریاض سے شکایت کی جس پر انھیں نوٹس بھیجا گیا لیکن وہ نوٹس پر حاضر نہیں ہوئے۔
واضح رہے دوسرے میچ میں کے پی کے ٹیم نے پنجاب کو 2 رنز سے ہرایا تھا۔
مزید پڑھیں: پاکستان کپ: خیبرپختونخوا کی پنجاب سے فتح
میچ ریفری عزیز الرحمان نے یونس خان کو میچ فیس کا 50 فی صد جرمانہ عائد کیا جس پر یونس خان احتجاجی طورپر پاکستان کپ ادھورا چھوڑ کر کراچی کے لیے روانہ ہوگئے۔
یونس خان ناقص امپائرنگ کے خلاف پی سی بی کو رپورٹ نہ بھیجنے پر اپنی ٹیم انتظامیہ سے بھی ناراض ہیں۔
کے پی کے کو اسلام آباد کے خلاف پہلے میچ میں دو وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ دوسرے میچ پنجاب کے خلاف صرف دو رنز سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔
یونس خان کی عدم موجودگی میں ٹیم کی قیادت احمد شہزاد کریں گے۔
پی سی بی نے قومی کھلاڑیوں کو انگلینڈ کے دورے سے قبل ڈومیسٹک سطح پر ایک بڑے ٹورنامنٹ کا انتظام کیا ہے جس میں اسلام آبا، خیبرپختونخوا،بلوچستان، سندھ اور پنجاب پر مشتمل پانچ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ ٹورنامنٹ میں شامل کھلاڑیوں کو معاوضے میں 100 فی صد اضافہ کیا گیا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔












لائیو ٹی وی
تبصرے (4) بند ہیں