انگلینڈ کی سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میں شکست
ہیڈنگلے: انگلینڈ نے جونی بیئراسٹو اور جیمز اینڈرسن کی شاندار کارکردگی کی بدولت سری لنکا کو تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں ایک اننگز اور 88 رنز سے شکست دے کر پاکستان کو خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
ہیڈنگلے میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی ٹیم ابتدا میں مشکلات کا شکار نظر آئی تاہم ایلکس ہیلز اور جونی بیئراسٹو نے میزبان ٹیم کو خطرے سے نکال کر فتح کی راہ پر گامزن کردیا۔
انگلینڈ نے جیمز اینڈرسن اور اسٹیون فن کی شاندار باؤلنگ کی بدولت سری لنکا کو میچ کے تیسرے روز ہی شکست دے دی۔
سری لنکا نے تیسرے روز کے کھیل کا آغاز دوسری اننگز میں 206 رنز کے خسارے سے کیا لیکن اوپنر دوسری اننگز میں بھی ناکام رہے اور 10 رنز پر کرونا رتنے 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد وقفے وقفے سے دیگر بلے باز آؤٹ ہوتے گئے۔
مینڈس نے 53 رنز بنا کر انگلش باؤلرز کے سامنے کچھ مزاحمت ضرور کی لیکن ان کا ساتھ کسی نے نہیں دیا، تھریمانے 16 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز تھے اور کوشال سلوا 14 رنز بنا سکے۔
سری لنکا کے 8 بلے باز دوسری اننگز میں بھی دوہرے ہندسے کو عبورکرنے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم دوسری اننگز میں 119 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
جیمز اینڈرسن نے دوسری اننگز میں بھی 5 وکٹیں حاصل کرکے ٹیم کی کامیابی کو آسان بنا دیا جبکہ اسٹیون فن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ کی پہلی اننگز کے اسکور 298 رنز کے جواب میں سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 91 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی جبکہ دوسری اننگز میں خسارے کو برابر کرنے کے لیے 207 رنز درکار تھے لیکن 88 رنز قبل ہی پوری ٹیم آؤٹ ہوکر میچ میں ناکام رہی۔
جونی بیئراسٹو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
انگلینڈ نے میچ میں کامیابی کے ساتھ نہ صرف سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی بلکہ پاکستان کو بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
پاکستان ٹیم، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان جاری سیریز کے فوری بعد انگلینڈ کے دورے پر جائے گی جہاں ٹیسٹ، ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔












لائیو ٹی وی